• news

کون کہاں عید منائے گا

لاہور + اسلام آباد (خصوصی رپورٹر + خصوصی نامہ نگار + ایجنسیاں) وزیراعظم نواز شریف نے ڈاکٹروں کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے عیدالفطر لندن میں ہی گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے ساتھ عیدالفطر منانے کے لئے ان کے خاندان کے متعدد افراد لندن پہنچ گئے جن میں سلمان شہباز اور ان کے اہل خانہ و دیگر شامل ہیں۔ یہ تمام افراد علامہ اقبال انٹرنیشنل ائر پورٹ سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 757 کے ذریعے لندن چلے گئے۔ ائر پورٹ پر الوداع کہنے کے لئے خاندان کے بہت سے لوگ موجود تھے۔ علاوہ ازیں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق‘ وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین زرداری سمیت کئی اہم سیاسی شخصیات بیرون ملک عید منائیں گی۔ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان لاہور‘ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سکھر اور اعتزاز احسن لاہور‘ وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان اپنے آبائی حلقے میں عید منائیں گے۔ دوسری جانب وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی اپنے بچوں کے ساتھ عید منانے دبئی چلے گئے ہیں جہاں وہ 3 روز قیام کریں گے جبکہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عید منانے کیلئے جرمنی چلے گئے۔ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین زرداری بھی کافی عرصے سے بیرون ملک موجود ہیں لہٰذا وہ بھی بیرون ملک ہی عید منائیں گے۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سعودی عرب میں عیدالفطر منائیں گے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سعودی عرب میں عید منائیں گے۔ گورنر بلوچستان محمود خان اچکزئی کوئٹہ اور وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری سعودی عرب میں عید منائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن