• news

مردان: دکان کے باہر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ،2 پولیس اہلکاروں سمیت11 افراد زخمی

مردان + کوہاٹ (صباح نیوز + نوائے وقت نیوز) مردان کے علاقے خواجہ گنج بازار میں دکان کے باہر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے دو پولیس اہلکاروں سمیت11افراد زخمی ہوگئے ریسکیو ٹیموں کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 25 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مردان کے مصروف ترین تجارتی مرکز خواجہ گنج بازار میں صبح آٹھ بجے کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ہوا، دھماکے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت11افراد زخمی ہو گئے، ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال منتقل کر دیا۔زخمیوں میں 2 کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے۔ ڈی پی او فیصل شہزاد کے مطابق خواجہ گنج بازارمیں بارودی مواد ایک نالی میں رکھا گیا تھا ، جسے ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جبکہ دھماکے کے بعد شہر کے دیگر بازاروں کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ ادھرکوہاٹ میں سرچ آپریشن کے دوران 25 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ڈی پی او کوہاٹ صہیب اشرف کے مطابق پولیس اور پاک فوج کی بھاری نفری نے کوہاٹ کے نواحی علاقے بلی ٹنگ کی حدود میں واقعہ مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جس کے دوران 25 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔کارروائی میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ برآمد ہونے والے اسلحہ میں بارہ پستول، 3کلاشنکوف، دس بندوقیں اور سینکڑوں مختلف بور کے کارتوس شامل ہیں۔ سرچ آپریشن کی کارروائی کے دوران مشکوک گھروں کی تلاشی بھی لی گئی۔ سرچ آپریشن کی کارروائی میں بم ڈسپوزل سکواڈ، خواتین پولیس اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔آئی این پی کے مطابق بنوں نیو جنرل بس سٹینڈ سے دستی بم برآمد کر لیا گیا۔ پولیس معمول کی گشت پر تھی کہ اس دوران نیو جنرل بس سٹینڈ سے ایک دستی بم ملا جس پر بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کیا گیا جس نے بم کو ناکارہ بنا دیا۔

ای پیپر-دی نیشن