پیپلز پارٹی پر مقدمات سپریم کورٹ نے ختم کئے‘ وزیراعظم خود کو احتساب کیلئے پیش کریں: خورشید شاہ
سکھر (آئی این پی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں پرقائم مقدمات سپریم کورٹ نے ختم کئے ہیں‘اپوزیشن نے حکومت پر کوئی الزام تراشی نہیں کی،وزیراعظم کے خاندان کے لوگوں نے خود پانامہ لیکس کے حوالے سے انکشافات کئے اور اسے متنازع بنایا‘ پانامہ لیکس کسی پر ذاتی حملہ نہیں،وزیر اعظم خود کو احتساب کیلئے پیش کریں۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اپوزیشن نے حکومت پر کوئی الزام تراشی نہیں کی۔ وزیراعظم کے خاندان کے لوگوں نے خود پانامہ لیکس کے حوالے سے انکشافات کئے اور اسے متنازع بنایا۔ انکا کہنا تھا میاں صاحب نے کہا کہ احتساب کے لئے حاضر ہوں، لیکن اب پیپلز پارٹی سے متعلق سوئس اکائونٹس اور سرے محل کے معاملات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو متنبہ کیا کہ اگر وہ ہر بات پر ردعمل دینگے تو پھنس جائیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ آج بھی ن لیگ کی حکومت ہے اور 90 میں بھی تھی، جو چاہیں کارروائی کریں، جب بلاول بھٹو ایم این اے بنیں گے تو اپنے اثاثے بھی ظاہر کردینگے۔