• news

عید پر نہاتے ہوئے باپ بیٹے‘ میاں بیوی سمیت 9 افراد ڈوب گئے

لاہور (نامہ نگاران + این این آئی) لاہور سمیت مختلف شہروں میں باپ بیٹا اور میاں بیوی سمیت 9 افراد ڈوب گئے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق منگوال کا رہائشی محسن شاہ اپنے 22 سالہ بھانجے شکیل احمد اور فیملی کے دیگر افراد کے ساتھ دریائے چناب پر پکنک منانے کیلئے گیا جہاں محسن شاہ اور اس کے بھانجے شکیل نے دریا میں نہانا شروع کر دیا۔ اسی دوران محسن شاہ دریا میں پانی کے تیز بہائو کی وجہ سے ڈوبا تو بھانجے شکیل نے اسے بچانے کی کوشش کی جس پر ماموں بھانجا دونوں دریا میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ چنیوٹ سے نامہ نگار کے مطابق غلام محمد آباد کا 22 سالہ نوجوان عبدالمعیز ڈینگرو نہر میں پائوں پھسل جانے کے باعث پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو عملہ نے نعش کو پانی سے نکال کر ورثاء کے حوالے کر دیا۔ شیخوپورہ اور فاروق آباد سے نامہ نگار کے مطابق باپ بیٹا نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے۔ لاہور سے آئے ہوئے 2 نامعلوم باپ بیٹا نہر میں نہا رہے تھے کہ بیٹا ڈوب گیا۔ اسے بچانے کیلئے باپ نے کوشش کی تو وہ بھی ڈوب گیا۔ این این آئی کے مطابق دریائے راوی کنارے بیٹھے میاں بیوی پُراسرار طورپر ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو اہلکاروں کو فون کرکے اطلاع دی گئی کہ شاہدرہ کے قریب دو افراد دریائے راوی میں ڈوب رہے ہیں۔ اہلکاروں نے فوراً موقع پر پہنچ کر دونوں کو باہر نکالا‘ تاہم دونوں ہی دم توڑ چکے تھے۔ ڈوبنے والے دونوں میاں بیوی تھے جن کی شناخت 53 سالہ زبیدہ بی بی اور 60 سالہ اسلام الدین کے نام سے ہوئی ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے دونوں کی لاشیں پولیس کے حوالے کر دیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگار کے مطابق دریا میں نہاتے ہوئے تین نوجوان سلیمان‘ نعمان اور اختر گہرے پانی کی نذر ہو گئے۔ موقع پر موجود افراد نے اختر نامی نوجوان کو بچا لیا‘ تاہم سلیمان اور نعمان ڈوب گئے جن کی نعشوں کی تلاش کیلئے ریسکیو کے غوطہ خوروں کی کارروائیاں جاری تھیں‘ تاہم آخری اطلاعات تک دونوں نوجوانوں کی نعشیں نہ مل سکیں۔

ای پیپر-دی نیشن