• news

مسجد نبوی کے قریب خودکش دھماکے کیخلاف ملک گیر یوم احتجاج‘ مذمتی قراردادیں منظور

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگاران) سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام مسجد نبوی کے قریب خودکش دھماکے کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا اور علماء اہلسنت نے سانحہ مسجد نبوی کے خلاف خطبات جمعہ دئیے اور جمعہ کے اجتماعات میں سانحہ مسجد نبوی کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں جبکہ نماز جمعہ کے بعد مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔ اس موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حرمین شریفین ہر مسلمان کی عقیدت و محبت کا مرکز ہے۔ مسلم حکمران خانہ کعبہ اور روضہ رسولؐ کی حفاظت کیلئے مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں اور داعش کا مقابلہ کرنے کیلئے دنیا بھر کے مسلمان متحد ہو جائیں۔ مسجد نبوی کے قریب خودکش دھماکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے دل پر حملہ ہے۔ سنی اتحاد کونسل لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے اپنی ناپاک سازشیں مقامات مقدسہ تک پھیلا دی ہیں۔ حرمین شریفین کا دفاع مسلم امہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ صاحبزادہ حسن رضا نے فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلم ممالک اکٹھے ہوکر داعش کے خلاف طاقت کا استعمال کریں اور علماء داعش کا فکری توڑ کرنے کیلئے میدان میں آئیں۔ علاوہ ازیں اہلسنت کے اپیل پر عیدالفطر کے اجتماعات میں دہشتگردی‘ انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور علماء اہلسنت نے خطبات عید میں انسانی جان کی حرمت بیان کی اور قتل ناحق کے خلاف آواز اٹھائی جبکہ جماعت اہلسنت نے عید کے موقع پر غریب بستیوں‘ ہسپتالوں اور غریب خاندانوں میں عید گفٹ بھی تقسیم کئے۔ علاوہ ازیں علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ داعش کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کی تیاری کیلئے اسلامی سربراہی کانفرنس طلب کی جائے۔ سانحہ مسجد نبوی امت مسلمہ کی غیرت کیلئے بڑا چیلنج ہے‘ داعش کافروں سے نہیں مسلمانوں سے لڑ رہی ہے‘ تمام مکاتب فکر اختلافات بھلاکر حرمین شریفین کے دفاع کیلئے یک جان ہو جائیں۔ وہ اتفاق مسجد ماڈل ٹائون لاہور میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جڑانوالہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بعد از نماز جمعہ تحریک اہلسنت‘ جماعت اہلسنت و تنظیمات اہلسنت کے زیراہتمام جامع مسجد بلال سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں سعودی عرب میں ہونے والے دھماکوں کی پرزور مذمت کی گئی۔ ریلی میں شریک علماء کرام نے اپنے اپنے خطاب میں ان واقعات کی مذمت کی۔ علاوہ ازیں تنظیم اتحاد امت پاکستان کی اپیل پر روضہ رسولؐ اور مسجد نبوی شریف کے قریب خودکش حملہ کے خلاف یوم مذمت منایا گیا۔ اس سلسلہ میں جمعہ کے خطبات میں مذمتی قرداددیں منظور کی گئی اور امریکہ‘ اسرائیل‘ داعش اور طالبان کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مرکزی تقریب سے محمد ضیاء الحق نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ روضہ رسولؐ کے نزدیک خودکش حملہ مسلمانوں کے ایمان پر حملہ ہے اس واقعہ کی مذمت کے لئے الفاظ تلاش کرنا انتہائی مشکل ہے۔گجرات سے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ روز تحریک لبیک یارسول اللہؐ کی اپیل پر یوم احتجاج منایا گیا اور شدید ترین غم وغصہ کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔ پیر محمد افضل قادری نے کہا ہے کہ کائنات عالم کے مقدس ترین مقام کے آداب کو مجروح کرنے کی کوشش سے امت مسلمہ کے ایمانی جذبات شدید ترین مجروح ہوئے ہیں۔ اس سانحہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مساجد میں مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ شیرانوالہ باغ میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد جماعت رضائے مصطفے پاکستان کے زیراہتمام آستانہ عالیہ قادریہ رضویہ جامع مسجد زینت المساجد سے الحاج پیر محمد دائود رضوی کی قیادت میں ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سنی تحریک، جے۔یو۔پی اور جماعت الصفہ کی جانب سے ایک احتجاجی ریلی دربار خطیب الاسلام سے ونیکے چوک تک نکالی گئی جس کی قیادت سید وسیم الحسن نقوی، صاحبزادہ عثمان شاہ، اخلاق احمد رضوی اور دیگر نے کی۔ قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق سنی تحریک اور انجمن طلبہ اسلام کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت حافظ محمد امجد صادق اور سید بو علی شاہ نے کی۔

ای پیپر-دی نیشن