طاہر القادری کا سراج الحق کو فون، شیخ رشید کی ملاقات
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ فیصلہ کن عوامی تحریک سے عوامی راج کا راستہ کھلے گا۔ ملک بچانے اور لٹیرے بھگانے کیلئے فائنل رائونڈ شروع ہونے والا ہے، عوام تیار رہیں۔ سانحہ ماڈل ٹائون اور پانامہ لیکس قاتل اور کرپٹ حکمرانوں کے گلے کا پھندا ہیں۔ حکمران قدرت کی گرفت سے اس بار کسی صورت نہیں بچ پائیں گے۔ سربراہ عوامی تحریک سے گزشتہ روز ان کی رہائش گاہ پر شیخ رشید نے ملاقات کی اور رات کا کھانا ان کے ساتھ کھایا۔ دونوں رہنمائوں نے ملکی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ 20 کروڑ عوام کو یرغمال بنانے اور قومی خزانہ بے دردی سے لوٹنے والے اور بے گناہ شہریوں کو قتل کرنے والے چند درجن لٹیروں کا انجام قریب ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ عوام حکمرانوں سے نجات کے موڈ میں ہیں۔ اس بار ایسی تحریک چلے گی کہ ملکی خزانہ لوٹنے والوں کو کہیں سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی اور یہ اپنے باقی ماندہ کرتوتوں کے ساتھ بے نقاب ہونگے۔ موجودہ حکمران جتنا عرصہ مسلط رہیں گے ملک دلدل میں اترتا رہے گا۔ دریں اثناء ڈاکٹر طاہر القادری نے نماز عید جامع المنہاج ماڈل ٹائون میں ادا کی۔ نمازعید کے بعد سربراہ عوامی تحریک نے کارکنوں اور نمازیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور انکی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر کارکنوں اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سربراہ عوامی تحریک نے سعودی عرب میں دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ علاوہ ازیں طاہر القادری نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کو فون پر عمرہ اور بیت اللہ میں اعتکاف کی مبارکباد اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں طاہر القادری کل (اتوار) کو راولپنڈی میں لال حویلی جائیں گے اور اپنے اعزاز میں ہونے والے استقبالیہ میں شرکت کریں گے۔