• news

عید پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی دعوے دھرے رہ گئے‘ کئی شہروں میں مظاہرے

لاہور (کامر س رپورٹر+نامہ نگاران)حکومت کا عید کے تین روز لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان ایک بار صرف اعلان ہی ثابت ہوا اور عید پر لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور عید کے تینوں روزلوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جس کیخلاف حافظ آباد ،شیخوپورہ ،فیروز والہ ننکانہ صاحب سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے علاوہ ازیں عید کے تینوں روز ہونے والی بارش نے ڈیمانڈ میں کمی رکھی جس کے باعث شہروں میں بہت ہی کم دورانیہ کی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔لوڈ شیڈنگ کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔شیخوپورہ سے نامہ نگار کے مطابق عید کے روز بجلی کی بندش کے باعث لوگوں کو نماز عید کے لئے غسل اور وضو کرنے کے لئے پانی بھی دستیاب نہ ہو سکا علاقوں کے مکینوں نے لیسکو کیخلاف شدید احتجاج بھی کیا علاوہ ازیں عید کے تین روز لیسکو کی جانب سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے دعویٰ بھی دھرے کے دھرے رہ گئے۔کوٹ رادھا کشن سے نامہ نگار کے مطابق عید کے تینوں دن بجلی کی آنکھ مچولی سے شہری پریشان رہے۔ حکومتی دعوئوں کے برعکس کوٹ رادھا کشن اور گردو نواح میں عید کے تینوں دنوں میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہا بعض مقامات پر بجلی کی بار بار ٹرپنگ کی وجہ سے لوگوں کی الیکٹرونکس کی قیمتی اشیاء بھی جل گئیں۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق عید الفطر کے تین روز شہر اور گردو نواح میں گیپکو کے متعدد فیڈر ز بار بار ٹرپ کرتے رہے۔ حکومتی اعلان کے باوجود عید کے دنوں میں بجلی کی بلا تعطیل فراہمی بھی شہریوں کیلئے خواب بنی رہی قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق عید کے تینوں روز بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی جبکہ درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے۔فیروز والہ سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کے ٹرانسفارمر کی خرابی پر شاہدرہ کے شہری گرمی کی شدت سے پریشان ہو کر سڑک پر آ گئے اور انہوں نے ٹائروں کو آگ لگا کر جی ٹی روڈ بلاک کر دیا اور نعرے بازی کرتے رہے گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق عید الفطر کے تینوں دن بعض علاقوں میں گیس ، بعض میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا اور شہری سراپا احتجاج بنے رہے ۔ گکھڑ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق عید الفطر کے روز جی ٹی روڈ پر واقعہ نیو گکھڑ ،فیڈر پر بجلی کی تاروں میں مبینہ خرابی کے باعث صبح چار بجے سے لیکر بعض دوپہر تین بجے تک گیارہ گھنٹے مسلسل بجلی کی سپلائی معطل رہنے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا اور لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔صباح نیوز کے مطابق نصیر آباد عید الفطر کے دوسرے روز ڈیرہ مراد جمالی سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کا بد ترین بریک ڈائون رہا شدید گرمی کے باعث متعدد افراد بے ہوش ہو گئے۔حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پریم کوٹ میں بجلی کے ٹرانسفارمر کی خرابی کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ٹریفک کو بلاک کئے رکھا۔ اس دوران مظاہرین نے سخت نعرہ بازی کی۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نواحی علاقے کے سینکڑوں دیہات عید الفطر کے روز سے بجلی سے محروم ہونے پر دیہاتیوں نے لیسکو کیخلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق لوڈ شیڈنگ کیخلاف سڑک بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن