پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے تک فرائض اداکرتی رہے گی: کمانڈر سدرن کمانڈ
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ وطن عزیز سے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ اور پائیدار امن کی بحالی تک پاک فوج ہمیشہ کی طرح اسی جوش و جذبہ سے اپنے فرائض ادا کرتی رہے گی اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے آپریشنل ایریا آواران میں پاک فوج کے غیور اور بہادر جوانوں کے ساتھ اگلے مورچوں میں عید گزارنے کے موقع پر بات کرتے ہوئے کہی۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے عید کی نماز کے بعد وطن کی سلامتی اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض اور میجر جنرل اظہر نوید حیات خان نے آوران میں دفاع وطن کے فرائض پر مامور دلیر اور نڈر جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے اور عزم کو سراہا۔ علاوہ ازیںآئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیر افگن نے کہا ہے کہ بیرونی ایجنڈے پرعمل پیرا ملک دشمن عناصر کو کسی صورت کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ ایف سی کے حوصلے پہاڑوں سے بلند ہیں۔ بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنا کر رہیں گے۔ یہ بات انہوں نے عید کے پہلے روز سبی کے علاقوں سنگان، بابرکچھ ، لہڑی اور عید کے دوسرے روز آواران، وڈھ اور بسیمہ کے دورے کے موقع پر قبائلی عمائدین سے گفتگو میں کہی۔