8خود کشیاں ، شاہدرہ میں غربت سے تنگ تین بچوں کے باپ نے زہر نگل لیا
لاہور( نامہ نگار+نمائندگان) لاہور سمیت مختلف شہروں میں دو خواتین سمیت 8افراد نے زندگی ختم کرلی۔ تفصیلات کے مطابق شاہدرہ کے علاقہ ملکوں کے باغ کے قریب 46سالہ گلباز خوشی نے گھریلو حالات سے تنگ آ کر زہریلی گولیاں کھا لیں جس کو طبی امداد کیلئے میو ہسپتال پہنچایا گیا جہاں پر وہ دم توڑ گیا۔ متوفی کے 3بچے تھے۔ دریں اثناء فیصل آباد کے چک نمبر 272 ر ب میں رزاق، چک نمبر 267 ر ب کے فہیم اشرف اور ستیانہ کے بہادر علی نے عید کی خوشیاں منانے کیلئے پیسے نہ ہونے پر زہریلی گولیاں کھا لیں، انہیں ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ دم توڑ گئے۔ علاوہ ازیں عید کیلئے پیسے نہ ہونے پر منڈی شاہ جیونہ کے محلہ غازی آباد کے 24 سالہ نوجوان آفتاب نے گزشتہ روز گھریلو نا چاقی پر ہزارہ ایکسپرس کے آگے آکر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ستراہ سے نامہ نگار کے مطابق موضع بھگت پور کی لڑکی (الف ) نے عید والے دن اپنے گھروالوں سے عید مانگی، انکار پر دلبرداشتہ ہوکر اس نے زہریلی گولیاں کھالیں۔ ساہیوال میں خاتون زاہدہ نے گھریلو جھگڑے پر نہر لوئر باری دوآب میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ ہڑپہ کے قریب نامعلوم شخص نے مال گاڑی کے نیچے آکر جان دیدی۔