صدر ممنون کو فون‘ عالمی فورمز میں پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے: ترک وزیراعظم
اسلام آباد (اے پی پی)صدرمملکت ممنون حسین کو ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے ٹیلیفون کیا اور عید کی مبارکباد دی۔ بات چیت کے دوران صدرمملکت نے بھی ترک قیادت اور عوام کو عید کی مبارکباد دی، دونوں رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی حقیقی بھائی اور قریبی دوست ہیںجو مختلف ایشوز پر یکساں موقف رکھتے ہیں اور تمام عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور ترکی دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور مسلم دنیا کو اس سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔ ترک وزیراعظم نے کہاکہ ترکی نے نیوکلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت کیلئے پاکستان کی کھلے دل سے حمایت کی اور مستقبل میں بھی عالمی فورمز پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات میں مزید استحکام اور گہرائی آرہی ہے۔ترک وزیراعظم نے اپنے ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعہ پر ترکی کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار پر پاکستان سے اظہار تشکر بھی کیا۔