• news

بارشیں‘ چھتیں‘ دیواریں گرنے اور دیگر واقعات میں 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

لاہور (نامہ نگاران + کامرس رپورٹر) کئی شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ جھنگ، تتلے عالی اور قلعہ دیدار سنگھ میں چھتیں، دیواریں گرنے اور دیگر واقعات میں 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق موضع سیلیانہ میں مکان کی چھت گرنے کے باعث دو سالہ بچی کائنات فاطمہ جاں بحق جبکہ خاتون سکینہ شدید زخمی ہوگئی۔ شورکوٹ میں آندھی کے باعث درخت گرنے سے 8 سالہ بچہ اسلم جاں بحق اور خاتون زخمی ہو گئے جبکہ چک نمبر 500 میں چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا جبکہ کوٹ بہادر میں آندھی کے باعث درخت گرنے سے بارہ سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا جبکہ محلہ باغ والا میں کرنٹ لگنے سے چھ سالہ نعمان دم توڑ گیا۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق مریدکے نارووال روڈ پر نارنگ منڈی کے علاقہ بھاگو گوڈیال کے قریب زیرتعمیر نیا پل کے دونوں اطراف ٹریفک کیلئے مٹی سے بنائے گئے بند بارش کے پانی کے تیز بہائو کے باعث بہہ گئے جس کے باعث نارووال‘ شکر گڑھ‘ قلعہ کالر والا اور سیالکوٹ سے آنے جانے والی ٹریفک بند گئی اور مسلسل چا روز سے ہزاروں مسافروں کو شدید پریشانی اٹھانا پڑی۔ بتایا جاتا ہے کہ عیدالفطر کے روز علی الصبح تیز بارش کے باعث ٹریفک کیلئے بنائے گئے دو عارضی بند بارشی پانی کی نذر ہو گئے۔ ہزاروں مسافروں کو پریشانی کا سامنا رہا۔ پیر محل سے نامہ نگار کے مطابق عید کے روز موسلادھار بارش سے قدآور درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔ نظام زندگی مفلوج ہو گیا۔علاوہ ازیں لاہور میں بارش کے باعث 70 فیڈر ٹرپ کر گئے جس کے باعث کئی علاقوں میں بجلی غائب رہی۔ تتلے عالی سے نامہ نگار کے مطابق طوفانی آندھی اور بارش کے دوران دیواریں گر نے سے کمسن بچے سمیت 2 افراد دم توڑ گئے نواحی گائوں مجو چک میں چھت اور دیواریں گرنے سے آٹھ سالہ ہارون،پچاس سالہ اشفاق چوکیدار جا ں بحق ہو گئے جبکہ بڑی تعداد میں درخت ٹوٹ کر دور جا گرے اور سڑک پرلگے ہوئے درجنوں سائن بورڈ اور بجلی کے پول گر گئے۔قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق عید کے روز طوفانی بارش میں کوٹ اسحاق کا رہائشی 25 سالہ محمد فیاض کمرے میں سویا ہوا تھا، آسمانی بجلی گرنے سے کمرے کی چھت گر گئی ۔جس میں محمد فیاض ملبے تلے دب کر جا بحق ہو گیا۔ نواب چوک کے قریب دیوار گرنے سے احسان اللہ، شعیب اور ظہیر زخمی ہو گئے۔گکھڑ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق عید ا لفطر کے روز صبح مو سلا دھار بارش سے قصبہ کے بیشتر نشیبی علاقے اہم شاہراہیں محلے گلیاں جوہڑ کی شکل اختیار کر گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن