• news

محض قراردادیں منظور کرنا کافی نہیں‘ دہشت گردی کیخلاف بین الاقوامی تعاون بڑھانا ہو گا: پاکستان

نیو یارک (اے پی پی) پاکستان نے بڑھتی ہوئی دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے بین الاقوامی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ کوئی بھی اکیلا ملک اس لعنت پر قابو نہیں پاسکتا جبکہ اس برائی کے خاتمہ کیلئے ہمارا عزم پختہ اور ارادے غیر متزلزل ہیں ۔ یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب منیر نبیل نے جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے جنرل اسمبلی کو بتایا کہ پاکستان کی حکومت نے دہشتگردی کے مکمل خاتمہ کا پختہ عزم کر رکھا ہے ، خواہ اس کی کوئی بھی قیمت ادا کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں ترکی ، بنگلہ دیش ، افغانستان اور سعودی عرب میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات ہیں۔ اس چیلنج کی یاد دہانی کراتے ہیں کہ محض قرار دادیں منظور کرلینے سے ہی ہمارا کام ختم نہیں ہو جاتا ۔ انہوں نے اس ضمن میں جنرل اسمبلی کی طرف سے گزشتہ ہفتے منظور کی جانے والی اس قرار داد کا حوالہ بھی دیا جس میں کہا گیا تھا کہ تمام رکن ممالک دہشتگردی کے خلاف متحد ہو کر کام کریں۔ پاکستانی نائب مندوب نے کہا کہ دہشتگردی پر قابو پانے کا واحد طریقہ بین الاقوامی تعاون کو مضبوط اور بہتر بنانا ہے اور اس بین الاقوامی مقصد کے حصول میں اقوام متحدہ محرک کے طور پر کام کر سکتی ہے ۔ عالمی سطح پر انسداد دہشتگردی کی حکمت عملی کے بارے میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی بحث سمیٹے ہوئے منیر نبیل نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں تاہم اس کے باوجود دہشتگردی کے خلاف پاکستان کا عزم اور ارادہ مزید پختہ ہوا ہے ۔ پاکستانی نائب مندوب نے کہا کہ پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے آپریشن ضرب عضب سے انسداد دہشتگردی کے حوالہ سے بڑی اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالتوں کے قیام کا حوالہ بھی دیا۔ انہوں نے تمام ممالک پر زور دیا کہ دہشتگردی کے خلاف عالمی سطح پر تعاون کو مزید تقویت دی جائے اور شدت پسندی اور پرتشدد دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے علاقائی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر اتفاق رائے سے فریم ورک وضع کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن