کئی شہروں میں ٹریفک حادثات‘ ون ویلنگ: فیصل آباد میں 13 افراد سمیت 50 جاں بحق‘ بیسیوں زخمی
لاہور/ فیصل آباد/ گوجرانوالہ( سٹاف رپورٹر+خصوصی رپورٹر +نمائندہ خصوصی+نامہ نگاران+ایجنسیاں) عید الفطر کے روز اور ٹرو مرو پر ٹریفک حادثات اور ون ویلنگ کے دوران50افراد جاں بحق سینکڑوں زخمی ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق لاہور میں عید کے دنوں میں منچلوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر ون ویلنگ کرتی رہی۔ویلنگ اور ٹریفک حادثات میں 4افراد ہلاک ہو گئے جبکہ درجنوں شدید زخمی ہو گئے۔ کوٹ عبدالمالک میںتیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار کبیر دم توڑ گیا، تھانہ کاہنہ کے علاقہ میں موٹر سائیکل سوار افضل اور تھانہ رائے ونڈ کے علاقہ میں موٹر سائیکل سوار بوٹا گاڑیوں کی ٹکر سے شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال لیجایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ جیل روڈ پر گذشتہ روز گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان ہلاک ہو گیا جس کی شناخت نہ ہو سکی ۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابقشہر میں عید اور ٹرو مرو کے دن منچلے موٹر سائیکلوں تیز رفتاری کے ساتھ دوڑاتے رہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں سے متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو ٹیموں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جن میں سے لائے گئے تین نوجوان ذیشان‘ بلال اور احمد جان کی بازی ہار گئے۔ایبٹ آباد میں سیاحوں کی ویگن گہری کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہو گئے۔ خیر پور میں عید کے ایام میں حادثات کے دوران 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ملتان کے رہائشی 4 دوست گاڑی میں عید کے موقع پر سیر وتفریح پر جارہے تھے کی ڈبل پھاٹک چوک پہنچنے پر کار تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوگئی اور گہرے کنویں میں جاگری اور جس سے کار میں سوار چاروں افراد شدید زخمی ہوگئے۔فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق عیدالفطر کے موقع پر ٹریفک حادثات میں دو نامعلوم افراد سمیت 13 افراد کی زندگی کا چراغ گل ہو گیا۔ جھنگ روڈ پر سدھار بائی پاس کے نزدیک تیز رفتار کار کی ٹکر سے چک نمبر68ج۔ب لہلہاں کا رہائشی اسلم اور سمندری روڈ پر چالیس سالہ جبار سڑک کراس کرتے ہوئے کار کی ٹکر لگنے سے شدید زخمی ہو گیا جو ہسپتالوں میں پہنچ کر علاج سے قبل ہی دم توڑ گئے جبکہ تھانہ ملت ٹاؤن کے علاقہ نشاط آباد پل کے نزدیک گاڑی کی ٹکر سے ایک نامعلوم تیس سالہ راہگیر جاں بحق ہو گیا۔ پیپلزکالونی کے علاقہ طارق آباد پھاٹک کے نزدیک ایک 28سالہ نامعلوم نوجوان سڑک کراس کرتے ہوئے حادثہ کا شکار ہو کر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ طارق آباد میں عبداللہ پور پل کے نزدیک بشیر نظامی چوک میں تیس سالہ نامعلوم شخص کوسڑک کراس کرتے مخالف سمت سے آنے والے تیز رفتار ون ویلر نوجوان نے ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ چنیوٹ جھنگ، ٹوبہ ،لیہ ،کمالیہ اور شاہکوٹ سے زخمی حالت میں لائے گئے 8افراد ہسپتالوں میں دم توڑ گئے۔ دوسری طرف نوجوانوں نے ون ویلنگ زوروشور سے جاری رکھی اور عید کے دو دنوں میں ٹریفک حادثات کا شکار ہو کر سول ہسپتال میں 224نوجوان اور الائیڈ ہسپتال میں 250سے زائد افراد ٹریفک حادثوں میں زخمی ہو کر پہنچے جبکہ عید کے تیسرے روز بھی ون ویلنگ کرتے ہوئے گر کر زخمی ہونے والے اور ون ویلروں کی ٹکر سے زخمی ہونے والے 75افراد ہسپتالوں میں پہنچے ۔ دوسری طرف سٹی ٹریفک پولیس کے جوانوں نے عیدالفطر سڑکوں پر ڈیوٹی کرتے ہوئے گزاری اور عید کے پہلے روز 150مقدمات درج کر کے 200کے قریب ون ویلروں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔ کھاریاں سے نامہ نگار کے مطابق دیونہ منڈی کے 2کمسن سگے بھائی علی رضا اور حسنین گائوں کے دوست مدثر کے ہمراہ موٹر سائیکل پر کھاریاں سے پبی پارک عید منانے جا رہے تھے خان محل شادی ہال کے سامنے تھپلہ کے قریب جی ٹی روڈ پر 70سالہ شخص سے ٹکرا کر سڑک پر گرے اور پیچھے سے آنیوالی گاڑی کے نیچے آ گئے اور موقع پر دم توڑ گئے جبکہ نا معلوم بوڑھا شخص بھی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ نارووال سے نامہ نگار کے مطابق تیز رفتار موٹر سائیکل آپس میں ٹکرانے سے ایک خاتون سمیت 5افراد ہلاک ہو گئے دیگر جبکہ حادثات میں درجنوں افراد زخمی ہو ئے ہیں۔ سمندری سے نامہ نگار کے مطابق عید کے روز چک نمبر 471 کا وارث علی اپنے کزن نبیل کے ہمراہ اپنے استاد کو عید ملکر مو ٹر سائیکل پر چک نمبر447گ ب سے گھر واپس آ رہے تھے چک نمبر445گ ب کے قریب اندھیرے کی وجہ سے سڑک پرگرے درخت کو دیکھ نہ پائے اور ان کی مو ٹر سائیکل گرے درخت سے ٹکرا گئی جس سے دونوں نوجوان شدید زخمی ہو گئے وارث علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مو قع پر دم توڑ گیا جبکہ اس کا ساتھی نبیل ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق ٹریفک حادثات اور ون ویلنگ کے نتیجے 4ہلاک اور بیسیوں افراد زخمی ہو گئے۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق لڈن روڈ پر بستی شیمار کے قریب تیز رفتار کار کی موٹر سائیکل رکشہ کو ٹکر سے ایک خاتون سمیت 3افرادجاں بحق اور 4 افراد زخمی ہو گئے۔لڈن سے وہاڑی آنے والی تیز رفتار کار سامنے سے آنے والے موٹر سائیکل رکشہ کو ٹکرانے کے بعد بجلی کے کھمبے سے جا ٹکرائی جس سے 11 ہزار کے وی بجلی کے تار بھی ان پر آگرے جس کے نیتجہ میں ایک خاتون سمیت 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے فیصل آباد،بہاولپور ، لاہورسمیت دیگر شہروں میں ون ویلنگ کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم انکوائری کمیٹی کے کنوینرجبکہ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، سپیشل سیکرٹری محکمہ داخلہ اور میو ہسپتال کے آرتھو پیڈک ڈاکٹر کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔یہ کمیٹی ون ویلنگ کے واقعات کا جائزہ لے کر غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرے گی ۔