• news

پاکستان نے ٹیسٹ کرکٹ کو2 درجوں میں تقسیم کرنے کی حمایت کر دی

لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کو دو درجوں میں تقسیم کرنے کی تجویز کی حمایت کردی ہے۔واضح رہے کہ آئی سی سی 2019 سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی ٹیموں کو دو درجوں میں تقسیم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس میں عالمی رینکنگ کی پہلی سات ٹیمیں ایک دوسرے کیخلاف کھیلیں گی جبکہ دو نئی ٹیسٹ ٹیموں کو موجودہ تین ٹیموں کے ساتھ شامل کرکے ان کے میچ کرائے جائیں گے اور دونوں درجوں میں ٹیموں کی کارکردگی کی بنیاد پر ترقی اور تنزلی ہوا کرے گی۔یہ تجویز آئی سی سی کے ایڈنبرا میں ہونے والے حالیہ اجلاس میں سامنے آئی تھی تاہم اسے ستمبر میں ہونے والے اجلاس تک مؤخر کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس تجویز کی ایسے وقت حمایت کی ہے جب بنگلہ دیش اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اسے تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہر یارخان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس تجویز کے مکمل حق میں ہے۔ اس دو درجہ ٹیسٹ کرکٹ کے علاوہ اور کوئی حل نہیں ہے کہ تمام ممالک ایک دوسرے کیخلاف کھیل سکیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ چاہتا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کا پروگرام آئی سی سی کے ہاتھ میں ہو۔ پاکستانی ٹیم اپنی عالمی رینکنگ کی بنیاد پر ٹیسٹ کرکٹ کے اول درجے میں ہوگی جبکہ بنگلہ دیش اور سری لنکا کی جانب سے مخالفت کی وجہ یہ ہے کہ ان کی ٹیمیں اس وقت عالمی رینکنگ میں نیچے ہیں لیکن اس بات سے قطع نظر کہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کے اوپر والے درجے میں ہو یا نچلے درجے میں وہ اس دو درجہ ٹیسٹ کرکٹ کی حمایت کرے گا۔ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں پاکستان اس وقت تیسرے نمبر پر ہے جب کہ سری لنکا کا ساتواں اور بنگلہ دیش کا نواں نمبر ہے۔ دو درجہ ٹیسٹ کرکٹ کے بارے میں لوگوں میں غلط فہمی یہ ہے کہ اس میں بڑی ٹیمیں کمزور ٹیموں سے نہیں کھیلیں گی حالانکہ ایسا نہیں ہے۔ اس میں ترقی اور تنزلی کا طریقہ کار موجود ہے لہذا ہر ٹیم کو ایک دوسرے سے کھیلنے کا موقع مل جائے گا۔ انھیں امید ہے کہ آئی سی سی بنگلہ دیش اور سری لنکا کو دو درجہ ٹیسٹ کرکٹ کے بارے میں قائل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔دریں اثنا ء شہر یار خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی ۔انہوں نے فاسٹ بائولر محمد عامر اور کوچنگ سٹاف سے الگ الگ ملاقات کی ۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کے حوالے سے بھی دریافت کیا۔انہوں نے محمد عامر کو ہدایت کی وہ انگلینڈ کیخلاف اچھی کارکردگی کا مظاہر ہ کر کے سیریز کو یادگار بنائیں۔انہوں نے تمام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی ۔

ای پیپر-دی نیشن