ایشین جونیئر والی بال چیمپئن شپ، پاکستان آج جاپان کیخلاف کھیلے گا
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ایشین جونیئر والی بال چیمپئن شپ میں قومی ٹیم اپنا پہلا میچ آج جاپان کیخلاف کھیلے گی۔ تائیوان میں 17 جولائی تک جاری رہنے والے ایونٹ میں قومی ٹیم پول سی میں شامل ہے جہاں اس کا مقابلہ عراق، چین اور جاپان جیسی مضبوط ٹیموں کے ساتھ ہو گا۔ قومی ٹیم اپنا دوسرا میچ کل چین کے خلاف کھیلے گی جبکہ پول کے آخری میچ میں اس کا مقابلہ 11 جولائی کو عراق کے ساتھ ہو گا۔ ایونٹ کے سیمی فائنل 16 جبکہ فائنل 17 جولائی کو کھیلا جائیگا۔ پاکستان والی بال فیڈریشن نے تین ماہ کے تربیتی کیمپ کے بعد چیمپئن شپ کیلئے بارہ رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کیاتھا جس کی قیادت محمد چینا کر رہے ہیں جبکہ محمد وسیم نائب کپتان ہونگے۔ دیگر کھلاڑیوں عثمان فریاد علی، عابد جمیل، فاروق احمد، عطاء اللہ، سید اویس شاہ، محمد نبیل، فہد رضا، محمد شہریار خان، شاہ زیب خان اور ندیم خان شامل ہیں جبکہ میجر عابد مجید ٹیم منیجر ہونگے۔