• news

’’بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا‘‘ سیاسی‘ سماجی شخصیات کی طرف سے ایدھی کو خراج عقیدت

کراچی/ لاہور/ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ اپنے نامہ نگار سے+ سپیشل رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) عبدالستار ایدھی کے انتقال پر سیاسی‘ سماجی شخصیات کی طرف سے انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی انسانیت کا فخر ہیں۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ انسانیت دوست اور معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی عظیم شخصیت تھے اور سماجی خدمات میں ان کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔ پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ ڈاکٹر رمیش ونکوانی نے انسانیت کیلئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے ہندو باشندے سکتے کے عالم میں ہیں۔ مرحوم ایدھی صاحب نے ہمیشہ مذہب‘ قومیت‘ رنگ و نسل سے بالاتر ہوکر دکھی انسانیت کی خدمت کی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے عظیم سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ فاضل چیف جسٹس کاکہنا ہے کہ الفاظ ایدھی کی خدمات کا احاطہ نہیں کر سکتے۔ فاضل چیف جسٹس اور لاہو ہائیکورٹ کے دیگر فاضل جج صاحبان نے اپنے تعزیتی بیان میں ایدھی صاحب کی انسانیت سے بے لوث محبت کو سراہا اور کہا کہ ایدھی صاحب کی دکھی انسانیت کیلئے جدوجہد ناقابل فراموش ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کاکہنا ہے عبدالستار ایدھی کی زندگی قابل تقلید ہے۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے عمر بھر انسانیت کی خدمت کی اور سادہ زندگی گزاری۔ ان کی زندگی قابل تقلید ہے۔ ادھر امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کاکہنا تھا کہ ایدھی صاحب کیلئے بعد از مرگ نوبل انعام کی کوشش کریں گے۔ معروف سینئر سیاستدان عبداللہ حسین ہارون نے تعزیتی بیان میں ان کا کہنا تھا کہ قوم کے مسیحا کا انتقال پاکستانی قوم کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی کے انتقال سے وہ لوگ جو پہلے ہی یتیم تھے‘ ایک بار پھر یتیم ہو گئے ہیں۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے عبدالستار ایدھی کی رحلت کو قائداعظم کی وفات کے بعد پاکستان کا سب سے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ ان کی خدمات پر نوبل انعام بھی بہت کم ہے، میں ان کو نوبل انعام کیلئے نامزد کر چکی ہوں۔ پرویز مشرف نے بھی انتقال کو بڑا نقصان قرار دیاھ اور کہا کہ انہیں بعد از مرگ نوبل انعام دیا جانا چاہئے۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خادم انسانیت عبدا لستار ایدھی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ لاہور سے سپیشل رپورٹر کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کے لیے عبدالستار ایدھی کی شبانہ روز کاوشوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرئوف عالم نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی کی وفات ایک قومی سانحہ ہے اور انکے جانے سے پیدا ہونے والا خلا پر نہیں ہو گا۔ آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے رہنما خورشید احمد نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی وطن عزیز پاکستان کے عظیم سماجی انسان تھے، ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے زیراہتمام محنت کشوں کے نمائندگان اور کارکنوں کے تعزیتی اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے کیا گیا جسے بزرگ مزدور رہنما خورشید احمد جنرل سیکرٹری، روبینہ جمیل صدر، اکبر علی خان ایڈیشنل جنرل سیکرٹری، اسامہ طارق، چودھری انور گجر، نیز خان و دیگر مزدور نمائندگان نے خطاب کیا۔ ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پورا نہیں کیا جا سکتا، وہ انسان دوست تھے جن کی شخصیت سادگی کا پیکر تھی۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا عبدالستار ایدھی نے اپنی تمام تر زندگی بے سہارا اور مصیبت زدہ لوگوں کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ایدھی صاحب کی انسانیت کیلئے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ ایڈمرل ذکاء اللہ نے کہا کہ قوم عبدالستار ایدھی کی فلاحی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی، مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ایدھی جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا کہ ایدھی صاحب پاکستان کی پہچان تھے، ان کا خلا کبھی پُر نہیں ہو گا۔ مہاجر قومی موومنٹ کے آفاق احمد نے کہا کہ ان کے انتقال سے لاکھوں بے سہارا یتیم ہو گئے۔ سعید غنی نے کہا کہ عبدالستار کے انتقال سے انسانی خدمت کا روشن باب بند ہو گیا۔ لندن کے میئر صادق خان کا کہنا ہے کہ عبدالستار ایدھی کا پیغام انسانیت کی بلاامتیاز مدد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحا کے انتقال پر انہیں انتہائی دکھ پہنچا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن