نوازشریف خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں‘ قانون کے کٹہرے میں لائیں گے: عمران
لندن(ایجنسیاں+نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ عظیم سوشل ورکر عبدالستار ایدھی کے جنازے میں شرکت نہ کر سکنے کا افسوس ہے ‘ وہ واحد شخصیت تھے جنہوں نے شوکت خانم ہسپتال بنانے میں میری مدد کی ‘ میرے بچے میری جان ہیں ‘بچوں سے ملنے کی وجہ سے جنازے میں شرکت کا پلان ترتیب نہیں کر سکا‘صرف بچوں سے ملنے لندن آیا ہوں‘ نواز شریف خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں‘شہباز شریف کا بیٹا سی پیک کی میٹنگ میں بیٹھتا ہے‘مریم نواز کے وزیراعظم کی سیٹ پر بیٹھ کر کام کرنے کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے‘نوازشریف خوش فہمی میں نہ رہیں ہم ان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے ‘ اپوزیشن جماعتیں جلد لائحہ عمل بنائیں گی ۔ وہ لندن پہنچنے پر ائرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں سب کو جواب دینا پڑتا ہے ، نوازشریف بھی جواب دیں ۔ کرپشن کے ذریعے منی لانڈرنگ کر کے پیسہ باہر بھیجا جاتا ہے ۔وزیراعظم نے اپنے علاج پر غریب قوم کا پیسہ خرچ کیا ۔کرپشن کا پیسہ منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر بھیجا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ خصوصی طیارے کے ذریعے وزیراعظم کو واپس لانے کا معاملہ عدالت میں اٹھائیں گے۔ قومی خزانے کو اس طرح ضائع کرنا درست نہیں ہے ۔ قوم کا پیسہ خرچ کرنے پروزیراعظم کے خلاف عدالت میںر ٹ دائر کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کو 30سال میں نوازشریف کا متبادل کوئی نہیں ملا۔ دھرنا آخر میں ہو گا اس سے پہلے ملک کے لوگوں کو تیار کروں گا۔ پی این اے کی طرح ہم ایک نکتے پانامہ معاملے پر ساتھ کھڑے ہیں۔