• news

’’مجھے فخر ہے میرا تعلق عبدالستار ایدھی کے ملک سے ہے‘‘ فنکار سوگوار، زبردست خراج عقیدت

لاہور (نیوز ڈیسک) عظیم سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی موت نے فنکاروں کو بھی سوگوار کردیا۔ مختلف فنکاروں نے ایدھی کے انتقال پر اپنے دکھ کا اظہار کیا۔ آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایتکارہ شرمین عبید چنائے نے عظیم انسانی کارکن کے بچھڑنے پر دکھ کا اظہار کیا۔ مشہور اداکار و ہدایتکار شان نے ایدھی کا مشہور قول ٹوئٹ کیا۔ پاکستانی نژاد امریکی ریپر بوہیمیا نے بھی ایدھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ معروف گلوکار علی ظفر نے اپنی تخلیقی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایدھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ معروف گلوکار شہزاد رائے نے ٹوئٹر پر اپنے ایک گانے کی و یڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایدھی سے اپنے گانے میں شامل ہونے کیلئے کہا تو ایدھی صاحب نے کہا تھا ’’ہیرو میں تیرے سے اچھا گاتا ہوں‘‘۔ گلوکارہ حدیقہ کیانی نے 8 جولائی کو ’’یوم ایدھی‘‘ کے طور پر منانے کا مطالبہ کیا۔ معروف اداکار فواد خان نے ایدھی صاحب کو سب کیلئے ایک روشن مثال قرار دیا۔ ٹی وی اداکار حمزہ علی عباسی نے ایدھی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے دکھ کا اظہار کیا۔ مارننگ پروگرام کی میزبان صنم بلوچ نے ایدھی کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ ہمایوں سعید نے اپنی کیفیات کا اظہار کرتے ہوئے الفاظ کو انکی بڑائی کیلئے ناکافی قرار دیا گیا۔ معروف گلوکار عدنان سمیع نے ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایدھی کو ’’صوفی فقیر‘‘ قرار دیا۔ اداکارہ عمائمہ ملک نے ایدھی کی آنکھیں عطیہ کرنے کو انکی عظمت کی نشانی قرار دیا۔ میشا شفیع نے ایدھی کی یاد میں امن پھیلانے اور انسانیت کی خدمت کرنے کا پیغام دیا۔ گلوکار سلمان احمد کے مطابق ایدھی صاحب لاکھوں لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے کیونکہ انہوں نے ایمانداری سے انسانیت کی خدمت کی ہے۔ اداکار اور گلوکار علی ظفر کا کہنا ہے ایدھی ہم آپ جیسے انسان کی اہمیت بیان نہیں کر سکتے، آپ ہمیشہ ہمارے ساتھ رہیں گے۔ اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ایدھی کا بارگاہ الہٰی میں کھلے ہاتھوں سے استقبال ہوگا۔ اداکار فواد خان کے مطابق ایک بہترین انسان اور ہماری لئے روشن مثال دنیا سے گزر گئی۔ اداکار فخر عالم نے کہا مجھے بہت فخر اور اعزاز ہے کہ میرا تعلق ایدھی کے ملک سے ہے۔ بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کو امن کا نوبل انعام ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی عظمت ان کے کام میں شفافیت تھی۔ ایدھی صاحب نے رنگ و نسل کے فرق کو ختم کیا، وہ ایک عظیم انسان تھے۔

ای پیپر-دی نیشن