21جولائی کو کشمیری عوام نواز شریف کے وژن کا حصہ بنیں گے: برجیس طاہر
سانگلاہل(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر امور کشمیر ، گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہرنے کہا ہے کہ آزادکشمیر الیکشن کو پرُامن اور شفاف بنانے کیلئے 22ہزا ر فوجی و سیکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کے فیصلے سے چوہدری مجید اور اُن کے وزراء کو سخت مایوسی ہوئی ہے،چوہدری مجید اور اُن کی حکومت ایک جھوٹے پروپیگنڈے پر عمل پیرا تھی کہ وفاقی حکومت انتخابا ت میں فوج کی تعیناتی نہیں چاہتی ،حالانکہ فوج کی تعیناتی کی تجویز خود مسلم لیگ ن نے دی تھی اور فوج تعینات ہونے کے فیصلے سے مسلم لیگ ن کے موقف کی تائید ہوئی ہے،وہ اپنے پبلک سیکرٹریٹ میںصحافیوں سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے،اس موقعہ پر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ شاہ کوٹ کے صدر مسعود احمد سبحانی مہیس ،چوہدری محمد عاصم رندھاوا اور حاجی احسان اللہ بوبک بھی موجود تھے،وفاقی وزیرچوہدری برجیس طاہر نے مزید کہا کہ فوج کی تعیناتی کے فیصلے سے چوہدری مجید اور ان کی تشکیل کردہ دھاندلی کمیٹی کے انتخابات میں دھا ند لی کرنے سے متعلق منصوبے خاک میں مل جائیں گے البتہ مجید حکومت کے تعینات کردہ ضلعی انتظامیہ کے ان جانبدار افسروں اور اہل کاروں سے چوکنا رہنا ہوگا جو کہ آزادحکومت کی منشاء پر تعینات کئے گئے اور عرصہ دراز سے چوہدری مجید اور ان کے وزراء کی خدمت میں مصروف عمل ہیں ، انہوں نے کہا کہ آج دہشت گردی کے واقعات میں 80فیصد کمی آچکی ہے ، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 23 ارب ڈالر کی حد عبور کر چکے ہیںاور مہنگائی کم ترین سطح پر آ چکی ہے یہ سب کچھ مسلم لیگ ن اور اس کے قائد محمد نواز شریف کی اُن کامیاب پالیسیوں ،حکمت عملی اور وژن کا نتیجہ ہے کہ جس کا حصہ آزاد کشمیر کے عوام 21 جولائی کو بنیں گے اور مسلم لیگ ن بھار ی اکثریت سے الیکشن میں کامیاب ہو ں گے ،انہوں نے کہاکہ 21جولائی کا دن کشمیری عوام کیلئے ایک اور عید کا دن ثابت ہو گا، جب عوام کی عدالت اپنے ضمیر کی آواز سنتے ہو ئے مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ دے گی ۔