جھلکیاں
وزیراعظم سیدھے والد کی قبر پر گئے آج پارٹی رہنما جاتی عمرہ میں ملیں گے
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم محمد نواز شریف کی لاہور آمد سے پہلے لائونج میں وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور وزیراعلیٰ شہباز شریف صحافیوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ ایک سینئر صحافی نے چودھری نثار کو پیپلز پارٹی کاشکاری قرار دیا تو چودھری نثار نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ تو اعتدال کا خیال رکھتے ہیں۔ انہوں نے شہباز شریف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب تو زرداری کو گھسیٹنے کی بات کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ اس پر ایک صحافی نے کہا کہ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو بھی کہہ دیا ہے کہ بچے خیال کرو، اس پر زوردار قہقہہ پڑا۔ وزیراعظم میاں نوازشر یف کی 48 روز پاکستان واپسی ہوئی۔ وزیراعظم نوازشر یف ہارٹ سرجری کیلئے لاہور سے 22مئی کو لندن روانہ گئے تھے۔ وزیراعظم نواز شریف کے خصوصی طیارے کی لینڈنگ کے وقت ایئرپورٹ انتظامیہ نے دوبئی سے آنیوالی پرواز کو لینڈنگ سے روک دیا۔ نواز شریف اور انکی فیملی لاہور ایئرپورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اپنی رہائشگاہ روانہ ہو گئے۔ مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ محمد ظفر الحق اور چودھری تنویر وزیراعظم کی جاتی عمرہ روانگی کے بعد آپس میں صلاح مشورہ کرتے رہے کہ رات لاہور میں قیام کیا جائے یا واپس اسلام آباد چلے جائیں تاہم کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف سے ان کی پارٹی کے اہم رہنما آج جاتی عمرہ میں ملاقات کرینگے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل ہونگے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف سے انکی پارٹی کے اہم رہنما آج جاتی عمرہ میں ملاقات کرینگے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل ہونگے جبکہ راجہ ظفر الحق، چودھری نثار علی خان، خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال، عابد شیر علی پہلے ہی لاہور میں موجود ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف جاتی عمرہ پہنچ کر ہیلی پیڈ سے سیدھے اپنے والد میاں محمد شریف کی قبر پر گئے اور فاتحہ پڑھی۔ وزیراعظم نوازشریف لندن سے لاہور کے سفر کے دوران خوشگوار موڈ میں تھے۔ جہاز میں نماز ادا کی اور قرآن پاک کی تلاوت کرتے رہے۔