• news

طوفانی بارش سے تباہی‘ 4 بچوں سمیت مزید 6 جاں بحق‘ چناب‘ جہلم میں طغیانی

قصور + فیصل آباد+ چھانگامانگا + خانقاہ ڈوگراں (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) لاہور، فیصل آباد، قصور، جڑانوالہ، وہاڑی، اوکاڑہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، ساہیوال/سرگودھا، خانقاہ ڈوگراں، چھانگا مانگا سمیت کئی شہروں میں بارش، آندھی کے باعث گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ قصور کے نواحی گائوں ڈھولن اور جاگووالا میں آسمانی بجلی گرنے سے 8 سالہ اقرا اور ایک نوجوان عادل جب کہ شورکوٹ کے نواحی علاقہ چک نمبر 500 پادریاں والا میں چھت گرنے سے 6 ماہ کا بچہ علی رضا، جڑانوالہ میں کرنٹ لگنے سے محنت کش نوجوان کاشف اور کلورکوٹ میں کرنٹ لگنے سے رشید الیکٹریشن کا 9 سالہ بیٹا، پیرمحل میں درخت گرنے سے 8 سالہ بچی سعدیہ مشتاق جاںبحق ہو گئی۔ کھرڑیانوالہ کے علاقہ میں خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے تین افراد ملبے تلے دب گئے۔ دو کو اہل دیہہ نے موقع پر نکال لیا جبکہ گیارہ سالہ جان کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ بارش میں کرنٹ لگنے سے چک نمبر 73ج۔ب کی 45سالہ کشور بی بی اور امین ٹاؤن کے رہائشی 22 سالہ عمر بے ہوش ہو گئے۔ ہسپتال میں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ خانقاہ ڈوگراں موسلادھار بارش سے موسم جل تھل ہو گیا جب کہ نکاسی آب نے شہریوںکے گلیوں محلوں میںسے گزرنا مشکل کر دیا۔ بارش کا گھروں میں داخل ہو گیا۔چھانگامانگا میں پہلی موسلادھار بارش نے سیوریج کی ناکامیوں کا پول کھول دیا ریل بازار، مین بازار،نئی آبادیکی گلیوں مین ایک سے دو فٹ تک پانی کھڑا ہوگیا اور قصبہ کے تمام بازاراور گلیاں ندی نالوںمیں تبدیل ہوگئیں پانی گھروں کے اندر رہائشی کمروںمیںداخل ہوگیا تمام راستے آٹھ گھنٹے تک بند رہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گرد و نواح میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، اور متعدد ہورڈنگ بورڈ ٹوٹ گئے۔ چنیوٹ میں بارش کے باعث ڈی ایس پی محمد اختر وینس کے ڈیرے کی چھت گرنے سے دو خواتین اور ایک نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔ اوکاڑہ میں معمولی بارش نے انتظامیہ کے دعووں کا پول کھول دیا اور شہر کو پانی کی لپیٹ میں لے لیا۔ ساہیوال/ سرگودہا سے نامہ نگار کے مطابق حالیہ بارشوں کی وجہ سے دریائوں اور ندی نالوں میں پانی کے بہائو میں تیزی آنے کے بعد دریائے جہلم، دریائے چناب کے کنارے آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے ساتھ محکمہ صحت‘ بلدیات‘ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے ۔ سرگودھا، شورکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق شورکوٹ اور گردونواح میں موسلادھار بارش نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا۔ منڈی شاہ جیونہ میں دریائے جہلم میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی جس سے ٹھٹھہ خیرا اور اسکے نواحی علاقوں میں پانی داخل ہو گیا، پیر محل میں بارش سے کئی دیہات کا شہر سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ وہاڑی اور گردو نواح میں تیز آندھی کے ساتھ بارش سے متعدد درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، سائن بورڈ ٹوٹ گئے۔ اے پی پی کے مطابق دریائے سندھ میں چشمہ بیراج کے مقام پر پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہو رہا ہے اور دریا خان، ڈیرہ اسماعیل خان پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ نوائے وقت کے مطابق محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کی ہے کہ 48 گھنٹوں میں پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ سیالکوٹ، گوجرانوالہ، سرگودھا اور راولپنڈی، فیصل باد اور لاہور کے شہری علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔ آن لائن کے مطابق لاہور میں13ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہفتہ کے روز ہونے والی بارش باقاعدہ مون سون کا آغاز ہے۔ بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقوں سمیت کھیلوں کے میدانوں میں پانی بھر آیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی جو دوپہر 2 بجے تک بحال نہ ہوسکی جس کی وجہ سے صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان علاقوں میں اقبال ٹائون نرگس بلاک، گڑھی شاہو، سمن آباد، مزنگ سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔
حافظ آباد+ راجہ جنگ (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران) غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، مسلسل 4 روز سے بجلی کی بندش کے خلاف حافظ آباد میں دیہاتیوں نے مظاہرہ کیا، نواحی گائوں سندھواں تارڑ کے دیہاتیوں نے ڈسٹرکٹ بار کے سابق جنرل سیکرٹری فضل حسین تارڑ کی قیادت میں احتجاج کرتے ہوئے کہا 30 سے زائد دیہات جن میں پھلو چراغ شاہ، پیلو، ٹھٹھہ گاہرا، ماہنیاں والہ، حسیکی، نواں شہر، عبد اﷲپور، ولیکی، ٹھٹھہ جاہد حسن والہ ، گنجیانوالہ وغیرہ شامل ہیں کی بجلی چاند رات سے مسلسل بند ہے اور گیپگو افسر فون بھی اسٹینڈ نہیں کر رہے جس سے زندگی عذاب بن گئی۔ گیپکو ذرائع نے بتایا آندھی سے 11 ہزار کے وی کے 22 سے زائد کھمبے گر گئے تھے، بہت جلد بجلی بحال کر دی جائیگی۔ وہاڑی میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، بار بار ٹرپنگ اور وولٹیج کی کمی کی وجہ سے صارفین کی پریشانی اور مشکلات میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ ساہوکا میں عظیم روحانی بزرگ بابا حاجی شیرؒ کے عرس کی سالانہ تقریبات میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ جاری رہا‘ زائرین حبس، گرمی اور پانی نہ ملنے سے شدید مشکلات کا شکار رہے۔ ڈونگہ بونگہ اور نواحی علاقوں میں شدید گرمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مرد خواتین بچے بوڑھے بلبلا اٹھے اور شہریوں نے حکمرانوں کو بددعائیں دیں۔ بارش کے باعث وہاڑی‘ شورکوٹ میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بجلی کے پول گر گئے جس سے شہر کے بیشترعلاقوں میں صبح سے شام تک لگاتار بجلی بند رہی۔ لیسکو سب ڈویژن راجہ جنگ کے مینٹینس ڈیپارٹمنٹ کی نااہلی سے مسلسل 12 گھنٹے کا بریک ڈائون ہوا اور پانی نہ ہونے کی وجہ سے نمازیوں سمیت شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔ شہریوں کا کہنا ہے آئے روز کوئی نہ کوئی ٹرانسفارمر خراب ہوجاتا ہے جس کی مرمت کے لئے صارفین سے پیسے طلب کئے جاتے ہیں۔ تمام تر صورتحال کا ذمہ دار مقامی ایل ایس او فیڈر انچارج نواز ہے۔ جب ایل ایس نواز سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا لائن مین فالٹ ہونے کی وجہ سے بجلی بند ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن