تحریک پاکستان کے کارکن ڈاکٹر شبر حسن انتقال کر گئے
لاہور (خبرنگار) تحریک پاکستان کے کارکن ڈاکٹر شبر حسن گزشتہ روز انتقال کر گئے۔ انہوں نے 1941ء میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی جس کے بعد وہ پنجاب ہیلتھ سروس سے وابستہ رہے اور مختلف عہدوں پر کام کیا۔ وہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن سے بطور ڈائریکٹر ریٹائرڈ ہوئے۔ ڈاکٹر شبر حسن بانی نوائے وقت حمید نظامی مرحوم اور معمار نوائے وقت مجید نظامی مرحوم کے قریبی دوست تھے۔ حمید نظامی مرحوم نے ان کے ساتھ مل کر نوائے وقت کا اجراءکیا تھا۔ ڈاکٹر شبر حسن مرحوم کے پسماندگان میں دو بیٹے ڈاکٹر فضل حسن، ڈاکٹر عباس حسن اور دو بیٹیاں ڈاکٹر رومینہ حسن اور تنویر زہرہ حسن شامل ہیں۔ وہ سابق وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ڈاکٹر مبشر حسن کے بڑے بھائی تھے۔ ان کی نماز جنازہ ان کی رہائش گاہ 4 کے گلبرگ 2 مین بلیوارڈ پر آج صبح 9 بجے ادا کی جائے گی اور قبرستان باغ رحمت عقب بھٹہ چوک سپرد خاک کیا جائے گا جبکہ ان کی رسم قل کل بروز منگل بعد نماز عصر ان کی رہائشگاہ 4 کے گلبرگ 2 مین بلیوارڈ پر ادا کی جائے گی۔
شبر حسن انتقال