• news

طاہر القادری‘ شیخ رشید ملاقات‘ حکومت کیخلاف مشترکہ جدوجہد پر اتفاق‘ 31 جولائی کو قومی مجلس مشاورت کا اعلان

لاہور + راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے حکومت کے خلاف پانامہ لیکس، کرپشن، لوٹ مار کے خلاف مشترکہ جدوجہد شروع کرنے پراتفاق کیا ہے۔ لال حویلی راولپنڈی کے باہر بوہڑ بازار میں استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے حکمرانوں کے خلاف مشترکہ اور متفقہ لائحہ عمل طے کرنے کے لئے اتوار31 جولائی کو پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کی قومی مجلس مشاورت بلانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا ہم سولو فلائٹ کی بجائے دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر لائحہ عمل طے کریں گے موجودہ حکمرانوں، درندوں سے قوم کو نجات دلانے کے لئے ان کے خلاف ملکی سالمیت کے خلاف سازش اور غداری کرنے پر آرٹیکل6 کے تحت کارروائی کی جائے۔ پانامہ لیکس تو محض ایک دانہ ہے دیگر ممالک میں بھی آف شور کمپنیاں ہیں سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی شفاف انکوائری کی جائے تو پولیس کی وردی میں دہشت گرد نکلیں گے، پنجاب حکومت نے پولیس افسروں اور اہلکاروں کو علاج کے نام پر رقوم دے کر دہشت گردی کی تربیت کے لئے انڈیا بھجوایا ہے۔ ضمنی بجٹ 2015-16 کی دستاویز سے واضح ہوتا ہے پولیس کے علاوہ اور کسی محکمے کے ملازمین کو علاج کے لئے انڈیا نہیں بھیجا گیا، حکمرانوں نے کرپشن کو نظام کی شکل دے دی ہے جس کے سامنے فوج کے سوا تمام ادارے بے بس ہیں۔ میرے پاس وفاقی وزراءسے بڑی پوزیشن کے افراد نے آ کر معاف کرنے کے لئے منت سماجت کی میں نے جواب دیا میں شرعی طور پر ایسا کرنے کا اختیار نہیں رکھتا، طاہرالقادری نے کہا وزیراعظم ذاتی علاج کے لئے 40، 45 دن لندن میں مقیم رہے اس دوران وہاں اپنے گھر کو کیمپ آفس قرار دے دیا جس پر کروڑوں اربوں روپے خرچ کئے گئے کون سا آئین اس کی اجازت دیتا ہے اس پر پارلیمنٹ کیوں خاموش ہے بادشاہت کو چھوڑ کر دنیا میں کسی جمہوری ملک میں حکمران خاندان کے اخراجات قوم کے خزانے سے ادا نہیں کئے جاتے، وزیراعظم کے لئے چالیس کروڑ کا پی آئی اے کو نقصان پہنچا کر خصوصی طیارہ لندن بھجوایا گیا، یہ کرپشن ہے قوم کے خون کا آخری قطرہ تک نچوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہم17 جون کے شہدا سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے خون کا حساب لیں گے۔ ورثا نے کروڑوں روپے کی دیت اور خون بہا کی پیش کش پر لعنت بھیجی ہے اب تو ان کے حکم سے صرف قصاص ہو گا 14 نعشیں گری ہیں 14 قصاص ہوں گے حکمران مغالطے میں نہ رہیں وہ اقتدار میں ہمیشہ نہیں رہیں گے۔ کرپٹ لوگوں اور قبضہ مافیا کے نظام میں عبدالستار ایدھی اور 20-18 کروڑ عوام کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ شیخ رشید احمد نے طاہر القادری کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہمیں موجودہ حکمرانوں کے خلاف مل کر جدوجہد کرنی چاہئے۔ یہ دشمن کی آنکھوں میں آنکھ ڈال کر اسے للکار نہیں سکتے، عوام کو پانی، بجلی، روزگار میسر نہیں، مہنگائی میں اضافہ ہو گیا۔ گینگ آف فائیو اور 30 کا کرپٹ ٹولہ ہے اسے اقتدار سے نکالا جائے۔ ہم کہتے ہیں اب چورو پاکستان کی جان چھوڑو، جس ملک میں مولانا فضل الرحمان جیسا مولوی ہو اس میں اسلام کے ساتھ کیا ہو گا اور جس ملک میں اسفندیار جیسا پٹھان ہو وہاں پٹھان کے ساتھ کیا ہو گا اور جہاں نواز شریف جیسا سیاستدان ہو وہاں پانامہ لیکس کی کرپشن ہو گی۔ میری تمام پارٹیوں سے اپیل ہے وہ نواز شریف کے خلاف سڑکوں پر نکلیں۔ سربراہ عوامی تحریک کا لال حویلی پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا، کارکنوں نے طاہر القادری کے حق میں نعرے اور گو نواز گو کے نعرے لگائے، طاہر القادری کو اسلام آباد ٹول پلازہ سے سینکڑوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے قافلہ میں لال حویلی لایا گیا۔ شیخ رشید نے طاہر القادری کو تاریخی لال حویلی کی تمام منزلوں کی سیر کرائی اور انہیں بتایا پیر صاحب پگاڑا اور دیگر قدآور شخصیات بھی لال حویلی کا دورہ کر چکی ہیں۔ طاہر القادری نے شیخ رشید اور عوامی تحریک کے دیگر قائدین کے ہمراہ مجلس وحدت المسلمین کے بھوک ہڑتالی کیمپ کا بھی دورہ کیا اور راجہ ناصر عباس کے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے انکے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا۔


طاہرالقادری

ای پیپر-دی نیشن