وفاق خیبر پی کے کی بجلی چوری کر رہا ہے‘ کالا باغ ڈیم شوشہ ہی رہے گا : پرویز خٹک
کراچی (نوائے وقت رپورٹ + آن لائن) وزیراعلی خیبرپی کے پرویز خٹک نے وفاق پر بجلی چوری کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے لگتا ہے صرف پنجاب ہی پاکستان ہے وزیراعلی سندھ نے بھی احتجاج کرنے کا عندیہ دے دیا۔ وزیراعلی خیبرپی کے پرویز خٹک نے کراچی میں وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماﺅں کے درمیان سیاسی صورت حال اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا وفاق ہمارے صوبے کی 600 میگاواٹ بجلی روزانہ چوری کر رہا ہے ہمارے ساتھ بہت عرصے سے ڈرامہ اور مذاق ہو رہا ہے انہوں نے کہا کالا باغ ڈیم صرف شوشہ ہے اور شوشہ ہی رہے گا موجودہ حکومت صرف پنجاب کو ترجیح دے رہی ہے۔ عمران خان 20 جولائی کو آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے وفاق کے خلاف اب بڑا احتجاج ہو گا وزیر اعلی سندھ نے کہا آئین کے تحت سندھ کو بھی حصہ نہیں مل رہا۔ ماورائے آئین اقدام پر احتجاج ہمارا حق ہے بجلی نہ ملی تو سندھ بھی اپنا انداز بدلے گا ۔انہوں نے کہا نواز سرکار صرف لالی پاپ دے رہی ہے ملاقات کے بعد پرویز خٹک معروف قوال امجد صابری کے گھر گئے جہاں پرانہوں نے امجد صابری کے اہلخانہ سے تعزیت اور مرحوم کی مغفرت کے لئے دعا کی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پرویز خٹک نے کہا حکمران انصاف کریں‘ آئین کے مطابق حصہ دیا جائے‘ اپنا حق چھیننے نہیں دیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا حکمران صوبوں کی تکلیف کو محسوس کریں‘ آئین کے مطابق احتجاج سب کا حق ہے۔ پرویز خٹک نے کہا نیو اسلام آباد ائرپورٹ ایدھی کے نام پر منسوب کرنے کی درخواست کریں گے۔