• news

بجلی کی بندش جاری، شاہدرہ ، حافظ آباد میں مظاہرے

لاہور( نیوز رپورٹر+نامہ نگاران) بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا جبکہ شاہدرہ اور حافظ آباد میں گزشتہ روز بجلی کی لوڈشیڈنگ اور ٹرانسفارمر کی خرابی کیخلاف احتجاج مظاہرے کئے گئے ۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا جس کی وجہ سے تا جروں کے کاروبار بری طرح ٹھپ ہو کر رہ گئے ۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق محلہ پیرکالے شاہ سمیت مختلف مقامات کے مکینوں نے بجلی کی بندش اور ٹرانسفارمر کی خرابی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس دوران مظاہرین نے سخت نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ انکے علاقہ جات میں گذشتہ کئی روز سے بجلی بند ہے۔علاوہ ازیں عید کی چھٹیاں ختم ہوتے ہی حافظ آباد اور اسکے گردو نواح میں ایک بار پھر بجلی کی 18,18گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ شروع ہو گئی علاوہ ازیں وزارت پانی و بجلی نے عید الفطر کے بعد لوڈ شیڈنگ کا شیڈیول دوبارہ بحال کر دیا ہے۔ تقسیم کار کمپنیوں نے شہروں اور دیہات میں علیحدہ لوڈ شیڈنگ شیڈیول جاری کر دیا ہے۔ لیسکو کے آپریشن ڈائریکٹر اسد اللہ نے بتایا کہ شہروں میں 6گھنٹے اور دیہات میں8گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی سیکٹر کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے مثتثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ کسی بھی علاقے میں فورس لوڈ شیڈنگ نہیں کی گئی۔فیروز والہ سے نامہ نگار کے مطابق شاہدرہ کے علاقہ میں بجلی کا ٹرانسفارمر جل جانے کے باعث 10گھنٹے بجلی کی فراہمی معطل رہی جس پر شہریوں نے لیسکو کیخلاف احتجاج کیا۔ ٹرانسفارمر کی فورس تبدیلی کی یقین دہانی پر شہریوں نے احتجاج ختم کردیا۔راجہ جنگ سے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ روز مسلسل 12گھنٹے تک بجلی کا بریک ڈائون رہا جبکہ پانی کی بھی شدید قلت رہی جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا اور انہوں نے شدید احتجاج کیا ، گزشتہ روز بند ہونے والی بجلی بمشکل 12گھنٹے بعد بحال ہو سکی۔

ای پیپر-دی نیشن