• news

راجن پور: کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں طغیانی، فلڈ وارننگ جاری

راجن پور + لاہور (نوائے وقت نیوز+ سپورٹس رپورٹر) راجن پور میں کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور قریبی علاقوں میں فلڈ وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ سکھر اور گڈوبیراج میں بھی پانی کی سطح بڑھنے لگی۔ تفصیلات کے مطابق راجن پور کے کوہ سلیمان میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ فلڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق نالہ کاہا سلطان میں 41ہزار 100کیوسک سیلابی ریلہ گزرا، سیلابی پانی علاقہ پجادہ میں داخل ہونے کا خدشہ ہے جس کے بعد لال گڑھ، حاجی پور، میرن پور میں فلڈ وارننگ جاری کردی گئی ہے جب کہ سکھر اور گڈوبیراج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، فلڈ کنٹرول روم کا کہنا ہے کہ گڈو بیراج میں پانی کی آمد 3لاکھ 17ہزار 502 اور اخراج 2لاکھ 82ہزار 402 کیوسک ہے۔ فلڈ وارننگ کے باعث محکمہ آبپاشی کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر د گئی ہیں۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج پیر سے جمعرات تک ملک میں مون سون کا نیا سلسلہ شروع ہو گا، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا، اسلام آباد، پنجاب، زیریں سندھ اور کشمیر سمیت مختلف بالائی علاقوں میں تیز بارش ہو گی جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ پنجاب اسلام آباد، زیریں سندھ اور کشمیر سمیت بالائی علاقوں میں تیز بارش کا امکان ہے۔علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے آج سے شروع ہونے والے ہفتے میں ملک میں مزید مون سون بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے۔ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ پشاور، کوہاٹ، ڈی آئی خان، ہزارہ ڈویژن، بہاولپور، سکھر اور میرپور خاص، ژوب ڈویژن اور فاٹا میں چند مقامات پر تیز ہواؤں/ آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع میں مون سون بارشوں کے پیش نظر الاٹ کر دیا گیا۔ کوہلو، بارکھان، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی، شیرانی اور ژوب کی انتظامیہ کو الاٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے اسلم ترین کے مطابق عملے کی چھٹیاں منسوخ کر کے کنٹرول روم کو فعال کر دیا گیا۔ کوہلو، بارکھانا، ڈیرہ بگٹی میں بارشوں کے بعد نشیبی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی ہے، صحبت پور شاہی کینال میں 30 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا، قریبی آبادی محفوظ مقام پر منتقل ہو گئی۔ بارکھان میں 5 یونین کونسلز میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔

ای پیپر-دی نیشن