سیالکوٹ: سب انسپکٹر کا تھانہ کے سامنے گزرنے والی فیملی پر تشدد‘ ورثاء کا مظاہرہ
سیالکوٹ (نامہ نگار) سب انسپکٹر نے تھانہ کے سامنے شادی کی تقریب سے واپس آنے والی فیملی کو گن پوائنٹ پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جس پر سینکڑوں افراد نے تھانہ کے باہر روڈ بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ تھانہ مرادپور کے پولیس وردی میں ملبوس سب انسپکٹر طاہر نے ڈالووالی میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس آنے والی فیملی کو روک کر بدتمیزی کے بعد گن پوائنٹ پر خواتین اور ایک مرد کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گالی گلوچ کیا جس کے بعد واقعہ کے خلاف سینکڑوں لوگوں نے تھانہ کے باہر جمع ہوکر پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج کرنے والوں نے سب انسپکٹر پر شراب پی کر غنڈہ گردی کا مظاہرہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے گرفتارکرنے کا مطالبہ کیا اور سینہ کوبی کی۔ ڈی ایس پی صدر سرکل طارق سکھیرا نے موقعہ پر پہنچ کر شکایت سننے کے بعد سب انسپکٹر طاہر کو معطل کردیا اور انصاف کی یقین دہانی کراتے ہوئے انکوائری کا حکم دیدیا جس کے بعد مظاہرین پُرامن طور پر منتشر ہوگئے ۔