ملالہ یوسفزئی آج 19 ویں سالگرہ منائیں گی‘تعلیم کے فروغ میں ملالہ کی قربانی رائیگاں نہیں جائیگی: شہبازشریف
لاہور+ لندن (خصوصی رپورٹر+ صباح نیوز) عالمی امن ایوارڈ یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی 19 ویں سالگرہ آج 12 جولائی کومنائیں گی۔ وہ 12 جولائی 1997ء کو مینگورہ میں پیدا ہوئی جہاں پر انہوں نے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ ملالہ یوسفزئی بچپن ہی سے تخلیقی صلاحیتوں کی مالک تھیں اور انہوں نے خواتین کی آزادی کیلئے جدوجہد شروع کی۔ ملالہ یوسفزئی نے کم عمری میں ہی لڑکیوں کو جہالت سے نکالنے اور انکی زندگی میں جدت لانے کیلئے کالم نگاری کاآغاز کیا وہ دہشت گردی کا نشانہ بھی بنیں۔ ملالہ یوسفزئی کو دنیا کا سب سے بڑا نوبل پرائز انعام بھی ملا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ملالہ ڈے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم کی بہادر بیٹی ملالہ نے قوم کو جہالت کے اندھیروں میں دھکیلنے والوں کی سازشوں کو اپنے عزم اور حوصلے کے ذریعے شکست دی ہے۔ ملالہ یوسفزئی نے جہالت کے اندھیروں میں علم کی شمع روشن کی اور انتہا پسندوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ملالہ تعلیم حاصل کرنے کی خواہشمند لڑکیوں کیلئے روشنی کی علامت ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملالہ ڈے کامقصد دنیا بھر میں تعلیم سے محروم لڑکیوں کیلئے حصول علم کے لئے کی جانے والی کوششوں کو تیز کرنا ہے۔ لڑکیوں کی تعلیم کیلئے آواز اٹھانے والی ملالہ کی جدوجہد ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ ملالہ یوسفزئی ایک جدید، تحمل اور برداشت کے حامل پاکستان کا اصل چہرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ نے تعلیم کے فروغ میں جو قربانی دی ہے وہ رائیگاں نہیں جائیگی۔ ملالہ پاکستان کا فخر، شناخت اور بہادری کی علامت ہے۔ حکومت نے صوبے کے ہر بچے اور بچی کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ ملالہ کے مشن کو ہر قیمت پر آگے بڑھایا جائے گا۔