• news

مظلوم کشمیریوں کے قتل عام کا مسئلہ عالمی فورمز پر اٹھایا جائے: دفاع پاکستان کونسل

لاہور(خصوصی نامہ نگار)دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کیلئے انتہائی مہلک ہتھیار استعمال کر رہی ہے۔ پرامن مظاہرین کیخلاف پیلٹ گنوں اور مرچی گرنیڈز کا بلادریغ استعمال کیا جارہا ہے۔ انصاف پسند دنیا مظلوم کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لے!۔ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل جیسے ادارے خاموشی اختیار کر کے دوہرے معیار کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ نہتے کشمیری عوام برستی گولیوں میں تاریخی احتجاج سے تحریک آزادی کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ حکومت پاکستان کشمیریوں کے وکیل ہونے کا کردار ادا کرے اور مظلوم کشمیریوں کے قتل عام کا مسئلہ تمام عالمی فورمز پر اٹھایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ محمد سعید، سردار عتیق احمد خاں، لیاقت بلوچ، مولانا فضل الرحمن خلیل، پیر سید ہارون گیلانی، عبداللہ گل اور مولانا محمد اشرف طاہر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے مہلک ہتھیاروں کے استعمال سے مظاہروں میں زخمی ہونے والے نوجوان بینائی سے محروم ہو رہے ہیں اور ان کی زندگیوں کو سخت خطرات لاحق ہیں۔ مودی سرکار کی سرپرستی میں بھارتی فوج کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔ شہداء کے جنازوں پر فائرنگ اور فرضی جھڑپوں کے ذریعے بے گناہوں کا خون بہایا جارہا ہے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ انسانی حقوق کے نام نہاد علمبرداربین الاقوامی اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔سیاسی و مذہبی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اس سلسلہ میں بھرپور آواز بلند کریں۔بھارتی فورسز نے ہسپتالوں کو بھی ٹارچر سیلوںمیں تبدیل کر دیا ہے ‘ ڈاکٹروں کو زخمیوں کے علاج سے زبردستی روکا جارہا ہے اور لوگوں کو خون کے عطیات دینے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ۔ سخت ترین کرفیو کے باوجود کشمیری عوام ہر قسم کی پابندیوں کو پائوں تلے روند کر سڑکوں پر نکل کر احتجاج کر رہے ہیں۔ دنیا کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطہ میں کسی صورت امن قائم نہیں ہو گا۔ دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے کہاکہ جمعۃالمبار ک کو ملک بھر میں برہان وانی سمیت دیگر شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن