جدید انفرا سٹرکچر تیز رفتار ترقی کیلئے ضروری سڑکو ں پلوں کا جاں بچھایا جا رہاہے:شہبازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا جدید انفراسٹرکچر تیزرفتار معاشی ترقی کیلئے ضروری ہے۔ پنجاب حکومت صوبے بھر میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے بڑے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوںنے کہا پنجاب میں سڑکوں، پلوں، فلائی اوورز، انڈرپاسز کا جال بچھا یا جا رہا ہے۔ معیاری انفراسٹرکچر عوام کو آمد و رفت کی بہتر سہولتوں کی فراہمی میں بھی مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے تحت دیہات میں سڑکوں کی تعمیروبحالی پر تیزی سے کام جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اٹک اور چکوال کو ملانے والے تراپ پل کے باقی ماندہ کام فوری طور پر مکمل کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا عوام کی سہولت اور ان کی مشکل دور کرنے کیلئے تراپ پل کے باقی ماندہ کام کو جلد مکمل کرنا ضروری ہے لہٰذا اس ضمن میں متعلقہ ادارے فوری طور پر اقدامات اٹھائیں تا کہ باقی ماندہ کام کو جلد مکمل کیا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے پل کے ایک جانب سے سیلاب میں بہہ جانے والے حصے کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا ایم ڈی نیسپاک سات روز میں انکوائری رپورٹ پیش کریں۔ انہوںنے کہا چکوال اور اٹک کے مابین چلنے والی کیبل کار کے حوالے سے حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں کیونکہ انسانی زندگی سب سے زیادہ قیمتی ہے۔ مزیدبرآں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف گزشتہ روز اردو کی ممتاز افسانہ نویس اور ناول نگار بانو قدسیہ کی رہائش گاہ گئے۔ ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے بانو قدسیہ کی ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے درخواست کی مجھے اپنی دعائوں میںیاد رکھیں۔ بانو قدسیہ نے وزیراعلیٰ کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا میری دعائیں وزیراعلیٰ شہبازشریف اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر ثقافت، یوتھ و سماجی ترقی شیخ نیہان بن مبارک النیہان لاہور پہنچے تو وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لاہور ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ گلدستہ پیش کیا۔ شیخ نیہان بن مبارک النیہان نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی صحت یابی پر شہبازشریف کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات دوستی اور بھائی چارے کے لازوال تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کا پاکستان کے سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے تعاون لائق تحسین ہے۔ شیخ نیہان بن مبارک النیہان کی جانب سے وزیراعظم کی صحت یابی کیلئے نیک خواہشات پر ان کے شکرگزار ہیں۔ شیخ نیہان بن مبارک النیہان لاہور سے روانہ ہوئے تو وزیراعلیٰ نے ایئرپورٹ سے انہیں رخصت کیا۔ شیخ نیہان بن مبارک النیہان نے شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کے سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے کیے جانے والے ٹھوس اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف انتہائی محنت، لگن اورجذبے کے ساتھ صوبے کے عوام کی خدمت کررہے ہیں اور پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے لائق تحسین اقدامات اٹھائے ہیں۔ صوبے کے عوام کی خدمت اور منصوبوں کی مقررہ مدت سے قبل تکمیل کا کریڈٹ شہبازشریف کو جاتا ہے اور میں ان کی بے مثال عوامی خدمت پر مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے شیخوپورہ کے علاقے میں نجی ہسپتال سے سرکاری ادویات کی برآمدگی کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او شیخوپورہ سے پورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔