• news

حکمران مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھائیں: رحمن ملک

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں ہونے والے قتل عام اور معصوم شہریوں پر فورسز کے مظالم کا نوٹس لے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رحمن ملک نے کشمیر میں عام شہریوں کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان واقعات کی شدید مذمت کی۔ تاہم رحمن ملک نے یہ بھی کہا کہ عالمی برادری سے پہلے پاکستان کا ردِعمل زیادہ ضروری ہے اور جو لوگ ایوان میں بیٹھے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اس معاملے پر جنرل اسمبلی کا اجلاس طلب کریں۔ پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اگر نائن الیون جیسے واقعات ہوجائیں تو فوراً سے قراردادیں منظور ہوجاتی ہیں اور ان پر ایکشن بھی ہوتا نظر آتا ہے لیکن کشمیر سے متعلق جو قرارداد منظور ہوئی تھی، اس پر آج تک عمل درآمد نہیں ہوسکا۔ رحمن ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کو چاہیے کہ اقوامِ متحدہ میں اس پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائے، تاکہ یہ معاملہ دوبارہ دنیا کی نظروں کے سامنے آسکے۔

ای پیپر-دی نیشن