کراچی میں آج طوفانی بارش کا امکان، ایمرجنسی نافذ، عملے کی چھٹیاں منسوخ
کراچی+ سکھر (اے این این) کراچی میں آج طوفانی بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے کی وارننگ جاری کردی ہے۔ ممکنہ بارشوں کے پیش نظر بلدیہ کے عملے کی چھٹیاں منسوخ جبکہ ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ دریائے سندھ میں پانی کی سطح مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور سکھر اور گڈو بیراج کے کچے کے مزید علاقے زیرآب آگئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بدھ کو گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوگی۔ بارش کا سسٹم مدھیہ پردیش بھارت سے جنوب مشرقی سندھ میں داخل ہوگا۔ سسٹم مٹھی ، تھرپارکر اور ننگر پارکر میں بارش برساتا ہوا آج کراچی میں داخل ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 50 ملی میٹر تک بارش کا امکان ہے ، کراچی میں بارش کے بعد سسٹم بلوچستان کی سمت چلا جائیگا۔ دوسری جانب ممکنہ بارشوں کے پیش نظر بلدیہ عظمی کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں ۔ مختلف مقامات پر سٹی وارڈن تعینات کردیئے گئے۔ محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی۔ علاوہ ازیں ملک میں جاری مون سون بارشوں اور پہاڑوں پر برف پگھلنے سے دریاں اور ندی نالوں کے بہائو میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے جبکہ کئی مقامات پر سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ٗ دریائے سندھ میں سیلابی ریلے کے باعث سکھر بیراج سے نکلنے والی نہروں کے کنارے آبادی کو بھی خطرات لاحق ہوگئے ، انتظامیہ کی جانب سے اعلانات کے باوجود لوگ گھر بار چھوڑنے کیلئے تیار نہیں۔ سکھر بیراج میں سطح بلند ہونے کی وجہ سے پانی نہروں میں چھوڑ دیا گیا جس سے نہریں بھی بھر گئی ہیں اور اس کے کنارے رہنے والی آبادی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ نہروں کے کناروں پر رہنے والوں کو انتظامیہ کی جانب گھر بار چھوڑنے کے نوٹس جاری کئے گئے تاہم وہ علاقہ چھوڑنے کو تیار نہیں ۔ فلڈ سینٹر کے مطابق سکھر بیراج پر پانی کی بالائی سطح 2 لاکھ 38 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ کوٹری بیراج پر پانی کی سطح چھیاسٹھ ہزار کیوسک سے زیادہ ہے۔ دریائے سندھ میں کالا باغ چشمہ اورگڈو پربھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔