• news

گھریلو جھگڑوں، بیروزگاری سے دلبرداشتہ 2 خواتین سمیت 6 افراد کی خودکشی

فیصل آباد+ بھلوال+ حافظ آباد+ شرقپور ( نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) گھریلو جھگڑوں اور بیروز گاری سے پریشان 2خواتین سمیت 6 افراد نے خود کشی کر لی۔ تفصیلات کے سمندری کے علاقے کوٹ غلام رسول کے رہائشی مشتاق کے 20 سالہ رکشہ ڈرائیور بیٹے طاہر نے گھریلو ناچاقی سے تنگ آ کر زہر نگل لیا جبکہ جڑانوالہ کے علاقہ چک نمبر 283 ر۔ب کے رہائشی 25 سالہ فیصل نے غربت و بے روزگاری کے ہاتھوں دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لیں۔ دونوں کو تشویشناک حالت میں الائیڈ و سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ علاج کے دوران دم توڑ گئے۔ بھلوال کے چک 10 قدرت آباد کے رہائشی محنت کش شوکت کی بیوی نسرین کا اپنے گھر میں کسی بات پر جھگڑا ہوا جس پر اس نے سرگودھا سے لالہ موسیٰ جانے والی دھماکہ ایکسپریس ٹرین کے نیچے آ کر خود کشی کر لی۔ متوفیہ تین معصوم بچوں کی ماں تھی۔ جوہر آباد کے علاقے دائیوال کا رہائشی محمد اسماعیل گھریلو معاملات سے تنگ تھا۔ گذشتہ روز اس نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لیں جس سے ان کی حالت غیر ہو گئی اور وہ جاں بحق ہو گیا۔ حافظ آباد کے فاروق اعظم روڈ کی رہائشی ریحانہ بی بی زوجہ طارق کا مبینہ طور پر اپنے گھر میں جھگڑا ہوا۔ جس پر دلبرداشتہ ہوکر اس نے زہریلی گولیاں کھا لیں جس پر اسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال لایا گیا۔ ڈاکٹروں نے اسے تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور ہسپتال ریفر کر دیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔ شرقپور کے چک 14کے رہائشی مشتاق نے گھر میں لڑائی جھگڑے سے دلبرداشتہ ہوکر نہر اپر چناب میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ غوطے خوروں کی مدد سے اس کی تلاش جاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن