وفاقی تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا، لڑکیاں بازی لے گئیں
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا، لڑکیاں بازی لے گئیں اور سائنس و آرٹس گروپ میں پہلی تمام پوزیشنیں طالبات نے حاصل کرلیں، مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 79.49 فیصد رہا۔ گزشتہ روز وزیر مملکت وفاقی تعلیم انجینئر بلیغ الرحمن نے نتائج کا اعلان کیا۔ امتحانات میں 63711 ریگولر طالب علموں میں سے 58081 کامیاب ہوئے۔ کامیابی کا تناسب 91.16 فیصد رہا جبکہ 19183 پرائیویٹ امیدواروں میں سے 7809 پاس ہوئے اور کامیابی کا تناسب 40.71 فیصد رہا، مجموعی طور پر بھی لڑکیوں نے لڑکوں کی نسبت کامیابی حاصل کی۔ سائنس گروپ میں آرمی پبلک سکول و کالج برائے خواتین پشاور کینٹ کی طالبہ منال عامر نے 1032 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ آرمی پبلک سکول و کالج حیدر آباد کینٹ کی عروج فاطمہ 1031 اور ایچ آئی ٹی ای سی سکول اینڈ کالج ٹیکسلا کینٹ کی ایمن گل 1031 نمبر حاصل کر کے مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن پر رہیں۔ تیسری پوزیشن 1030 نمبر کے ساتھ مشترکہ طور پر تین طالبات آرمی پبلک سکول طفیل روڈ لاہور کینٹ کی اریشہ احسن، آرمی پبلک سکول ملتان کینٹ کی حفضہ سعید اور آرمی پبلک سکول ملتان کینٹ کی اریج مشرف نے حاصل کی۔ آرٹس گروپ میں تینوں پوزیشنیں فوجی فائونڈیشن کالج برائے خواتین نیولالہ زار راولپنڈی کینٹ کی طالبات نے حاصل کیں۔ اریج سجاد نے 985 نمبر کے ساتھ پہلی، بریرہ سجاد 982 نمبر لیکر دوسری اور رابعہ عمران 977 نمبر لیکر تیسری پوزیشن پر رہیں۔