دو سال کے دوران 28 ارب روپے کی لاگت سے سکولوں میں ہزاروں اضافی کمرے تعمیر کرینگے : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے سکولوں میں نئے کلاس رومز کی تعمیر کے لئے پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت دو برس میں 28 ارب روپے کی لاگت سے سکولوں میں ہزاروں اضافی کمرے تعمیر کرے گی۔ رواں مالی سال میں 15 ارب روپے کی لاگت سے سکولوں میں 10 ہزار سے زائد نئے کمرے بنائے جائیں گے۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع کے سکولوں میں ترجیحی بنیادوں پر نئے کمرے بنائے جائیں گے جس سے سکولوں میں شرح داخلہ میں اضافہ ہو گا۔ یہ بڑا پروگرام قوم کے نونہالوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے سودمند سرمایہ کاری ہے۔ نئے کمروں کی تعمیر سے بچوں اور بچیوں کو اچھی تعلیمی سہولتیں میسر آئیں گی۔