• news

بلاول کی فیصل کو ایدھی ہوم کلفٹن بلوا کر تعزیت، کراچی کی معروف شاہراہ عبدالستار سے منسوب

کراچی/ پشاور (نیوز ایجنسیاں) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فیصل ایدھی سے ایدھی ہوم کلفٹن میں عبدالستار ایدھی کی وفات پر تعزیت کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے فیصل ایدھی کو ایدھی ہوم کلفٹن بلوا کر عبدالستار ایدھی کی وفات پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ بلاول بھٹو کی آمد سے قبل ایدھی ہوم کلفٹن پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے اور سڑکوں کی صفائی کی گئی، کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو ایدھی سنٹر کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے عبدالستار ایدھی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انھیں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ایدھی صاحب کا خلا کوئی بھی پر نہیں کر سکتا، وہ ہمیشہ ہمارے درمیان زندہ رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور سندھ حکومت نے ہمیشہ ہماری مدد کی اور مستقبل میں بھی ہماری مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، یتیم بچوں کی خواہش پر بلاول بھٹو کو کلفٹن سینٹر آنے کا کہا۔ علاوہ ازیں بابائے خدمت عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کراچی کی ایک معروف شاہراہ کو عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب کرتے ہوئے بورڈ نصب کر دیئے گئے ہیں۔ ڈی ایچ اے حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد ایدھی صاحب کی انسانیت کے لئے 50 برس سے بھی زائد عرصے پر محیط خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔ علاوہ ازیں فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ عبدالستار ایدھی کے جنازے میں لوگوں کی پریشانی پر ان سے معذرت خوا ہ ہیں تاہم ایدھی صاحب کی قبر پر لوگ جب آنا چاہیں آسکتے ہیں۔ ایک بیان میں انکا کہنا تھا کہ جنازے میں بہت زیادہ سکیورٹی کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور اس پریشانی پر وہ لوگوں سے معافی چاہتے ہیں۔ لوگوں کو وہی عزت اور احترام دیں گے جو ایدھی صاحب کی زندگی میں تھا۔ علاوہ ازیں چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان جسٹس (ر) سردار محمد رضا نے عبدالستار ایدھی کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایدھی صاحب ملک کا قیمتی اثاثہ تھے اور ان کی وفات سے پیدا ہونیوالا خلا بمشکل پورا ہوگا۔ انہوں نے اپنی زندگی غریبوں، ضرورت مندوں اور مشکلات میں گھرے ہوئے لوگوں کی مدد کے لئے وقف کر رکھی تھی۔صباح نیوز کے مطابق سٹیٹ بنک نے عبدالستار ایدھی کی انسانیت کے لیے خدمات کے اعتراف میں یادگاری سکے جاری کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔ ایس بی پی کے ترجمان عابد عمر نے بتایا کہ ہفتے کے روز عبدالستار ایدھی کے حوالے سے ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں یادگاری سکے کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔
کراچی( نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے سر سید ٹاﺅن میں گزشتہ رات معروف سماجی خدمت گار عبدالستار ایدھی کے نواسے احمد کو پولیس اہلکاروں نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا شرٹ کے بٹن ٹوٹ گئے۔ واقعے میں ملوث اے ایس آئی اور2اہلکاروں کو ڈی آئی جی ویسٹ نے معطل کر دیا۔ ایس ایس پی سنٹرل کے مطابق معطل اہلکاروں کیخلاف تحقیقات کی جارہی ہیں۔ عبدالستار ایدھی کے بیٹے فیصل ایدھی نے صحافیوں کو اس حوالے سے بتایا کہ چیکنگ کے دوران پولیس اہلکاروں نے احمد ایدھی کو روکا، کچھ آگے نکل کر واپس آنے پر پولیس اہلکاروں نے انکے بھانجے پر تشدد کیا ایس ایچ او سر سید کی معافی کے بعد ہم نے معاملہ رفع دفع کر دیا۔دوسری طرف احمد ایدھی نے صحافیوں کو بتایا کہ تعارف کرانے کے باوجود پولیس اہلکاروں نے مجھ پر تشدد کیا مار پیٹ کے باعث میری شرٹ پھٹ گئی۔ مجھے تھانے لے جا کر بھی مارا گیا۔
ایدھی/ نواسہ

ای پیپر-دی نیشن