اشتہار سے کوئی نہیں آتا، جسے آنا ہوتا ہے خود آجاتا ہے: جاوید ہاشمی
اسلام آباد (صباح نیوز) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی حمایت میں لگائے گئے بینرز پر حکومتی خاموشی کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے ہے کہ انتظامیہ عوام کو حقائق بتائے کہ اس کام کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے، اشتہار لگا کر کوئی نہیں آتا، جس کو آنا ہوتا ہے وہ خود آجاتا ہے۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو حقیقت سے آگاہ کرے اور اگر وہ ایسا نہیں کرتی تو اس کا سادہ سا مطلب ہے کہ وہ اسے نظر انداز کر رہے ہیں جو ایک خطرناک بات ہے۔فوج کی جانب سے اس معاملے پر اظہارِ لاتعلقی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ بظاہر ایسا نہیں لگتا کہ راحیل شریف اپنی مدتِ ملازمت میں توسیع کے خواہاں ہوں۔ موجودہ سیاسی حالات میں آنے والے 2یا 3مہینے کافی خطرناک ہیں، لہذا ہرایک کو اپنی پوزیشن بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔اس سوال پر کہ کیا یہ پوسٹرز اور بینرز وزیراعظم کی اہلیت پر سوالیہ نشان ہیں؟ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ اس قسم کے اشتہارات لگنے کی وجہ کسی نہ کسی جگہ سسٹم کی کمزوری ہے۔