چیف جسٹس پر اعتراض‘ یاسمین عباسی کیس دوسرے بنچ منتقل
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے وفاقی محتسب برائے تحفظ خواتین یاسمین عباسی کیخلاف لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ کو مبینہ طورپر غیر قانونی نوٹس بھجوانے سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں یاسمین عباسی کی جانب سے چیف جسٹس پر عدم اعتماد کے بعد کیس کسی اوربنچ میں سماعت کیلئے لگانے کی ہدایت کر دی ہے۔ بدھ کو چیف جسٹس انور ظہیر جمالی اور جسٹس شیخ عظمت سعید پر مشتمل دور کنی بنچ نے کیس کی سماعت شروع کی تو خاتون محتسب یاسمین عباسی نے عدالت میں پیش ہوکر موقف اپنایا کہ انھیں چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی بنچ میں موجودگی پر اعتراض ہے، اس لئے مقدمہ کسی دوسرے بنچ کے سامنے لگایا جائے۔