جہاد کشمیر ختم ہوا تو پاکستان بھی نہیں رہے گا: سراج الحق
کراچی+لاہور( نیوز رپورٹ+خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ آزادی کشمیر پاکستان کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اگر جہاد کشمیر ختم ہوا تو پاکستان بھی نہیں رہے گا۔ جمعہ کو قوم ملک گیر احتجاج اور31 جولائی کو لاہور میں واہگہ بارڈر تک آزادی مارچ کرکے بھارت کو پیغام دیں گے کہ اگر کشمیر میں مظالم بند نہ ہوئے تو پاکستانی عوام ازخود انتہائی اقدام پر مجبور ہو جائیں گے۔ پاک فوج اور حکمران دونوں شریفوں سے عوام کا مطالبہ ہے کہ آگے بڑھیں اب کچھ کرنے کا وقت ہے۔ فیصلہ کن مرحلہ آچکا ہے اگر یہ لمحہ ضائع کر دیا گیا تو تاریخ آپ کو معاف نہیں کرے گی۔ وہ جماعت اسلامی کراچی کے تحت یکجہتی کشمیر کانفرنس سے صدارتی خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ حکمران بزدل مگر عوام شیردل اور شاہین صفت ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ دشمن سے کیسے نمٹنا ہے۔ جنگ65 ء اس کا ثبوت ہے۔ ہم مرنے کیلئے تیار ہیں مگر غلامی کسی بھی شکل میں قبول نہیں۔ حکمران اگر ڈرتے ہیں تو ایک طرف ہو جائیں عوام خود ہی کشمیر حاصل کرلیں گے۔ بھارت سے دوستی کے ذریعے حکمران کن کے مفادات کی نگہبانی کر رہی ہے۔ غرناطہ‘ ثمر قند و بخارا بزدل حکمرانوں کے باعث مسلمانوں کے ہاتھ سے نکل گئے۔ انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم صاحب رائے ونڈ کے محلات چھوڑ کر میدان کار زار میں آجائو۔ کشمیر پکار رہا ہے‘ کشمیریوں کی جدوجہد پنجاب‘ سندھ بلوچستان اور خیبر پی کے کی جدوجہد ہے۔ کشمیری پاکستان کی لڑائی لڑ رہے ہیں اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے پر ایمان رکھتے ہیں ان کے زخموں پر نمک پاشی کے بجائے ان کی پشت بانی کی ضرورت ہے۔ حکمران بھارت سے دوستی اور تجارت کے لیے کشمیری عوام کی جدوجہد کو سبوتاژ کررہے ہیں۔ کشمیر کے شہداء کے خون سے بے وفائی اور غداری کرنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی ۔ کشمیرمیں گزشتہ 70سال سے خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے ۔لاکھوں کشمیریوں کے قاتل مودی کی طرف سے کشمیر میں قتل و غارت گری پر تشویش کا اظہار دنیا کی نظروں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے ۔ گزشہ چاردنوں میں آزادی کے چالیس پروانوں کو شہید اور دو ہزار سے زائد کو زخمی کردیا گیا ہے ۔بھارتی فوج گرفتار کشمیریوں کی آنکھوں میں سوئے مار کر انہیں انتقام کا نشانہ بنارہی ہے مگر انسانی حقوق کے نام نہاد عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔ ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں نے آج ایک بار پھر حریت کے پرچم کو بلند کرتے ہوئے بھارت کی غاصب افواج کے خلاف کھڑے ہوگئے ہیں۔ علاوہ ازیں سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی۔ قاتل سڑکوں اور بازاروں میں دندناتے پھرتے ہیں۔ عوام کو جان مال اور عزت کا تحفظ دینے والا کوئی نہیں۔ امجد صابری کے قاتل ابھی تک گرفتار نہیں ہوئے جس کی وجہ سے پورے کراچی میں ایک تشویش کی لہر موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں معروف قوال امجد صابری اور سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا کہ عبدالستار ایدھی مرحوم نے خدمت خلق کا درس دیا ہے۔ عبدالستار ایدھی کی زندگی ہم سب کے لئے بہترین نمونہ ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ کو عبدالستار ایدھی کا نام دیا جائے اور عبدالستار ایدھی کے نام سے یونیورسٹی قائم کی جائے ۔ سراج الحق نے امجد صابری کے گھر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امجد فرید صابری مرحوم20کروڑ عوام کی پہچان تھے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ امجد صابری کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے۔