کرپشن ملکی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے، جنگ جاری رہے گی: چیئرمین نیب
لاہور (آئی این پی+ این این آئی) چیئرمین نیب قمر زمان چودھری نے کہا ہے کہ کرپشن ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے جس کے خلاف جنگ جاری رہے گی، گڈ گورننس یقینی بنانے اور اسکے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے ہم ایمانداری سے ملک کو کرپشن فری بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے عوام اور کاروباری برادری کا اطمینان بڑھے گا، کرپشن سے نا انصافی کو ہوا ملتی ہے جس سے بد اعتماد ی اورشکوک پیدا ہوتے ہیں جو ملکی ترقی اور سرمایہ کاری کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرتے رہینگے۔ انہوں نے یہ بات ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرئوف عالم سے ملاقات کے دوران کی۔ انہوںنے کہاکہ کرپشن سے عدم تحفظ اور مایوسی کا احساس جنم لیتا ہے جس سے عوام کو سسٹم سے اعتماد اٹھ جاتا ہے اور سنگین مسائل جنم لیتے ہیں۔ کرپشن کے خلاف آگہی بڑھانے کیلئے نیب نے مختلف اقدامات کئے ہیں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر مہم، سکولوں و کالجوں میں سیمینار، نیب کے ڈاک ٹکٹوں کا اجرائ، ڈرائیونگ لائسنسوں، گیس و بجلی کے بلوں، ریل کے ٹکٹوں اور ملک بھر میں اے ٹی ایم مشینوں پر ـکرپشن کے خلاف پیغامات شامل ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کرپشن کے خاتمہ کیلئے نیب کو کاروباری برادری کے تعاون کی ضرورت ہے۔