• news

نواز شریف حالات خراب نہ کریں، آزاد کشمیر حکومت چاہئے تو دستبردار ہو جاتے ہیں: خورشید شاہ

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اگر وزیر اعظم محمد نواز شریف کو آزاد جموں وکشمیر میں ہر قیمت پر حکومت ہی چاہئے تو ہمیں بتادیں ہم دست بردار ہونے کے لئے تیار ہیں لیکن حالات خراب کرکے ہندوستان کو فائدہ اٹھانے کا موقع نہ دیں، وزیر اعظم محمد نواز شریف آزاد جموں و کشمیر میں اچھے ماحول میں انتخابات کے انعقاد کے لئے ماحول پیدا کریں وفاقی حکومت پچھلے ایک سال سے مسلسل آزادکشمیر میں ماحول خراب کررہی ہے، انتخابات جیتنے کے لئے نت نئے قابل مذمت طریقے ایجاد کررہی ہے کبھی کشمیر کونسل کے فنڈز روک لیتی ہے کبھی بجٹ ڈسٹرب کرتی ہے،کشمیر ایک حساس علاقہ ہے ساری دنیا کی نظریں اس پر ہیں، الیکشن جیتنے کے لئے وفاقی حکومت جو کر رہی ہے وہ قابل مذمت ہے۔ فیصل ممتاز راٹھور اور خواجہ سعید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی بھی آزادکشمیر میں اپنی حاکمیت جمانے کی کوشش نہیں کی، دہشت گردی اور قتل وغارت کے ڈر سے بنائی گئی حکومت سے عوام کی نفرت میں اضافہ ہوگا اور ہمارے ورکروں کو شہید کرا کے مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں، حویلی میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد80کروڑ کی پراپرٹی جلا دی گئی اور ہمارے80ورکروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی گئی، الیکشن کی قیمت پر کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کو نقصان نہ پہنچائیں،مسلم لیگ ن نے پیپلزپارٹی کی مفاہمتی پالیسی کو ہمیشہ نقصان پہنچایا۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم ڈھا رہاہے لاکھوں کشمیریوں نے آزادی کے لئے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔آج بھی الحاق پاکستان کی خاطر پاکستان کا جھنڈا لہرا کر قربانیاں دے رہے ہیں اور بھارت کا تشدد برداشت کررہے ہیں، حالیہ واقعہ میں 2بے گناہ لوگ جوراہ گیر تھے فائرنگ میں شہید ہوئے اس کا افسوس ہے اس کے لئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے جوڈیشل کمشن کے قیام کے لئے چیف جسٹس کے خط لکھ دیا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار اورسابق ایم این اے سمیت80اہم اہم ورکروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے اور 40لوگوں کو جیل میں ڈالا گیا ہے۔ یہ نشست ہمیشہ پی پی جیتتی آرہی ہے لیکن مسلم لیگ (ن) اس حلقے کو جیتنے کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت الیکشن میں مداخلت کر رہی ہے اور الزامات لگانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا الیکشن کو شفاف طور پر ہونے دیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن