شیخوپورہ: کھانا دیر سے پکانے پر روزہ دار بھابھی کو ذبح کر کے خودکشی کر لی
شیخوپورہ (نامہ نگار) شیخوپورہ کے محلہ شیش محل آبادی میں مزدوری نہ ملنے سے ستائے ہوئے مزدور مدار خان نے کھانا پکانے میں تاخیر کرنے پر اپنی روزہ دار بھاوج شفیقہ بی بی کو ذبح کر ڈالا اور پھر گھر سے بھاگ کر کراچی جانیوالی تیز رفتار ٹرین کے آگے کود کر خود کشی کر لی۔ مقتولہ شفیقہ بی بی 6بچوں کی ماں بتائی گئی ہے۔ ملزم صبح کام کیلئے گھر سے نکلا تھا مگر کام نہ ملنے پر دلبرداشتہ ہو کر واپس آیا تو گھر میں کھانا بھی تیار نہ تھا جس پر اس کا غصہ بڑھ گیا اور وہ بھاوج شفیقہ بی بی پر برہم ہوگیا۔ شفیقہ بی بی نے کہا کہ میں نے نفلی روزہ رکھا ہوا ہے افطار کرکے کھانا تیار کروں گی جس پر بھوک کے ستائے مدار خان نے تیز دھار چھری سے اسے ذبح کر دیا اور خود گھر سے نکل کر ریلوے کے لاہور سیکشن پر جا کھڑا ہوا اور ٹرین آنے پر وہ اس کے آگے کود گیا۔ پولیس نے دونوں کی نعشیں اپنی تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کی ہلاکت کے واقعہ کی تفتیش تمام پہلوئوں سے کی جائے گا۔