ہائیکورٹ سے سابق پرنسپل کی درخواست ضمانت مسترد، فرار کی کوشش، وکلا، پولیس میں ہاتھا پائی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے گورنمنٹ سائنس کالج کے سابق پرنسپل زاہد بٹ کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ ملزم نے کچھ وکلاء کی مدد سے فرار ہونے کی کوشش کی تو احاطہ عدالت میں پولیس سے ہاتھا پائی ہوئی۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت کی۔ ملزم نے موقف اختیار کیا کہ اس پر بنک ڈکیتی کے دوران قتل کے بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں جبکہ اس نے کرپشن نہیں کی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف چالان ٹرائل عدالت کو بھجوا دیا گیا ہے، ملزم پر قتل اور کرپشن کے سنگین الزامات ہیں لہٰذا عدالت ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرے جس پرعدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد گورنمنٹ سائنس کالج کے سابق پرنسپل ڈاکٹر زاہد بٹ کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ سماعت ختم ہوتے ہی ملزم کمرہ عدالت سے باہر نکل کر بھاگ کھڑا ہوا۔ پولیس نے الزام لگایا کہ ملزم کے وکلاء نے اینٹی کرپشن اور پولیس حکام کو ملزم کی گرفتاری سے روک دیا۔ اسی دوران وکلاء اور پولیس اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی ہوتی رہی۔ پولیس نے کہا کہ انہوں نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔