• news

اسلام آباد :جنرل راحیل کی تصویر والے بیزلگانے والوں کیخلاف بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ

اسلام آباد+ فیصل آباد+ گوجرانوالہ (نوائے وقت رپورٹ/ نمائندہ خصوصی) اسلام آباد میں بینرز لگانے کے معاملے پر مووآن پارٹی کے سربراہ علی ہاشمی سمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 34‘ 120بی‘ 124 اور 505 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کیا گیا۔ جرم ثابت ہونے پر ملوث افراد کو عمر قید اور جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ پولیس نے ملزموں کے گھروں پر چھاپے مارے ہیں۔ جن تعزیرات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ان کے تحت ملک کے خلاف تقریر کرنے‘ عوام کو حکومت اور ریاست کے خلاف بغاوت پر اکسانے کی دفعات شامل ہیں۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق جنرل راحیل شریف کی تصویر کے ساتھ متنازعہ پوسٹرز آویزاں کرنے والے موو آن پاکستان کے چیئرمین میاں کامران کیخلاف تھانہ کوتوالی میں اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کر دی گئی۔ چنیوٹ بازار سٹی ہارٹ پلازہ کے رہائشی عامر شہزاد نے تھانہ کوتوالی میں دی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ سرگودھا روڈ پر واقع دفتر موو آن پاکستان کے چیئرمین میاں محمد کامران نے اپنی سیاسی جماعت کی طرف سے شہر بھر اور ملک کے دیگر شہروں میں آر می چیف کی تصاویر کے ساتھ ’’جانے کی باتیں ہوئیں پرانی خدا کیلئے اب آجائو ‘‘ ایسی تحاریر پر مبنی بینرز ‘فلیکسز اور پوسٹر آویزاں کرکے آئین کیخلاف برملا ترغیب‘ افواج پاکستان اور حکومت کیخلاف سازش اور فساد فی الارض و دیگر جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ ان کیخلاف مقدمہ قائم کرکے گرفتار کیا جائے۔ تھانہ کوتوالی پولیس نے درخواست کی انکوائری سب انسپکٹر عبدالحمید کو سونپتے ہوئے کارروائی شروع کر دی ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ کے تاجروں نے بھی آرمی چیف کے حق میں شہر میں بینرز آویزاں کر دیئے۔ بتایا گیا ہے کہ ملک کے دیگر شہروں کی طرح گوجرانوالہ اور گرد و نواح میں بھی چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے حق میں بینرز آویزاں کر دیے گئے۔ صدر گوجرانوالہ ماربل ایسوسی ایشن گلزار احمد کی جانب سے جی ٹی روڈ اور دیگر علاقوں میں آویزاں کیے جانے والے بینرز پر قوم کا مسیحا جنرل راحیل شریف‘ قوم کی التجا خدا کے لیے جانے کی بات جانے دو‘ پاکستان اور پاکستانی قوم کو آپ کی ضرورت ہے کی عبارت تحریر ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق موو آن پارٹی کے دو اہم ارکان کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
اسلام آباد (قاضی بلال) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے حق میں لگائے گئے بینرز پر الیکشن کمشن نے کسی بھی قسم کا الیکشن لینے سے معذوری کا اظہار کردیا ہے۔ الیکشن کمشن حکام کے مطابق اس قسم کے بینرز کے خلاف ایکشن لینے یا قانونی کارروائی کرنے کا حکم صرف اور صرف حکومت کے پاس ہے۔ ایک افسر نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا ہے کہ الیکشن کمشن کے پاس ایسے کوئی اختیارات نہیں کہ وہ بینرز لگانے پر کسی پارٹی کی رکنیت کو ختم کر دے۔ اس پارٹی یا اس کے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرنا الیکشن کمشن کی نہیں بلکہ حکومت وقت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی پارٹی کے خلاف اگر کوئی درخواست کوئی فرد یا جماعت یا حکومت بھی کرے تو الیکشن کمشن اس پر کارروائی نہیں کر سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن