• news

برطانیہ کے نئے وزیرخارجہ بورس جانسن جھوٹے ہیں: فرانس ‘تقرری پر یورپ حیران

لندن (این این آئی+ بی بی سی ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے استعفیٰ کے بعد تھریسامے نے وزیراعظم کا عہدہ سنبھال لیا ہے اور اپنی کابینہ کا انتخاب شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے لندن کے سابق میئر بورس جانسن کو وزیرِ خارجہ مقرر کیا ہے جنہوں نے فلپ ہیمنڈ کی جگہ لی ہے۔ وزیر خزانہ جارج اوسبورن کو انکے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ سابق وزیر توانائی امبر رڈ کو وزیر داخلہ اور ڈیوڈ ڈیوس کو بریگزٹ وزیر مقرر کیا گیا ہے۔ سابق وزیرِ دفاع لیئم فوکس جنھوں نے 2011 میں اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا کو بین الااقوامی وزیرِ تجارت مقرر کیا گیا ہے جبکہ مائیکل فالن بطور وزیرِ دفاع کام کرتے رہیں گے۔ برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے کہا ہے یورپی یونین سے بات چیت کیلئے برطانیہ کو مزید وقت درکار ہے۔ انہوں نے جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل اور فرانس کے صدر فرانسوا اولاند سے ٹیلیفون پر بات کی۔ اس بات چیت میں انہوں نے کہا کہ یورپی یونین سے انخلاء کے حوالے سے مذاکرات شروع کرنے کیلئے برطانیہ کو مزید وقت چاہئے۔ فرانس کے وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے نئے وزیرخارجہ بورس جانسن نے حالیہ یورپی یونین ریفرنڈم میں برطانوی عوام کے ساتھ جھوٹ بولا اور اب وہ اپنے ملک کا دفاع کرنے میں دبائو کا شکار ہو سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن