گندم خوردبرد کیس‘ ملزم کی عدم گرفتاری، چیف جسٹس نیب پر برس پڑے
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ میں سابق ڈائریکٹر فوڈ بلوچستان کی درخواست ضمانت سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس انور ظہیر جمالی ایک مرتبہ پھر نیب کی ناقص کارکردگی پر برس پڑے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں کہ2005 ء سے ملزم کی اب تک گرفتاری نہیں ہوئی ہم اسی لئے تو نیب کی کارکردگی کا رونا روتے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ملزم کے خلاف 2005 میں ریفرنس دائر ہوا اب تک گرفتاری کیوں نہیں کی گئی؟ ملزم اسفند یار کاکڑ کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم پر گندم کی ایک لاکھ سے زائد بوریوں میں خورد برد کا الزام ہے، ملزم نے براہ راست گندم کی بوریوں میں خورد برد نہیں کی، معاملہ غفلت کا ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے سوال کیا کہ پھر ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔ ملزم کے وکیل نے کہا کہ اسسٹنٹ فوڈ ڈائریکٹر نے خورد برد کی اور وہ جیل میں ہیں۔