حکومت فنانس ایکٹ 2016ء میں ترامیم واپس لے: لاہور چیمبر
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے حکومت پر زور دیا ہے کہ فنانس ایکٹ 2016ء میں ان پٹ ٹیکس کی تعریف تبدیل کرنے کے لیے ترامیم واپس لے ۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ مذکورہ ترامیم کی وجہ سے ڈبل ٹیکسیشن کو فروغ حاصل ہوگا جبکہ ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ بھی دستیاب نہیں ہوگی جس کی وجہ سے تاجروں کے مسائل بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فنانس ایکٹ 2016ء میں کی جانے والی ترامیم واپس لے وگرنہ کاروباری لاگت میں اضافہ ہوگا جس سے پاکستانی مصنوعات مزید مشکلات سے دوچار ہوجائیں گی۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے مزید کہا کہ سیکشن 3(1A)کے تحت کمرشل امپورٹرز یا غیر رجسٹرڈ افراد سے دو فیصد مزید ٹیکس چارج کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ چونکہ غیررجسٹرڈ افراد سے ٹیکس وصول کرنا مشکل کام ہے اس لیے اس کا بوجھ بھی امپورٹرز کو ہی برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیررجسٹرڈ افراد کو رجسٹرڈ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے لہذا اس کا بوجھ ٹیکس نیٹ میں موجود لوگوں پر نہ ڈالا جائے۔ دریں اثناء لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے مظہر اقبال کو لاہور اکنامک جرنلسٹس ایسوسی ایشن (لیجا) کا صدر، منصور بخاری کو نائب صدر جبکہ جہانگیر حیات کو لیجا کی ایگزیکٹو کمیٹی کا نیا رکن منتخب ہونے پر مبارک دی ہے۔