ایل ڈی اے کا 93 ارب 48 کروٹ کا بجٹ منظور‘ ترقیاتی منصوبوں کیلئے 80 ارب مختص
لاہور (خصوصی نامہ نگار) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی نے مالی سال2016-17کے لئے ایل ڈی اے اربن ڈویلپمنٹ ونگ، واسا اور ٹیپا کے بجٹ کی منظوری دیدی گئی جس کے تحت ایل ڈی اے اور اس کی دونوں ذیلی ایجنسیوں کونئے مالی سال کے دوران93ارب48کروڑ روپے کے وسائل دستیاب ہوںگے جن میں80ارب روپے ترقیاتی کاموں کے لئے مختص کئے گئے ہیں- لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس گزشتہ روز وزیر اعلی پنجاب کے مشیر اور گورننگ باڈی کے ممبر خواجہ احمد حسان کی زیر صدارت90شاہراہ قائد اعظم پر ہوا جس میں لاہور سے رکن صوبائی اسمبلی بائو محمد اختر‘ ننکانہ صاحب سے رانا محمد ارشد‘ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نبیل جاوید ‘ مینجنگ ڈائریکٹر واساچودھری نصیر احمد ‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن چیف میٹرو پولیٹن پلانر وحید احمد بٹ ‘ ڈائریکٹر فنانس ایل ڈی اے ظہیر اصغر رانا اور صوبائی محکمہ ہائوسنگ‘ منصوبہ بندی ، بلدیات اور خزانہ اور کمشنر لاہور ڈویژن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ایل ڈی اے اربن ڈویلپمنٹ ونگ کو نئے مالی سال کے دوران مجموعی طور پر71ارب86کروڑ روپے کے وسائل دستیاب ہوںگے جن میں 68 ارب روپے ترقیاتی کاموں پر خرچ کئے جائیں گے -ان ترقیا تی اخراجات میں(i) ایل ڈی اے کے اپنے وسائل سے حاصل ہونے والے 10ارب87 کروڑروپے‘ (ii)حکومت پنجاب کی طرف سے ادئیگی ‘ سالانہ ترقیاتی پروگرام اور ڈیپازٹ ورکس کے تحت لاہور میں مختلف منصوبوں پر عمل درآمد کے لئے خرچ کئے جا نے والے 56ارب10کروڑ روپے اور (iii)ضلع قصور‘ شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے ایل ڈی اے کے اپنے وسائل سے مختص کئے جانے والے ایک ارب17کروڑ 80لاکھ روپے شامل ہیں-ایل ڈی اے کے اپنے وسائل سے اس کی رہائشی سکیموں میں ترقیاتی کاموں پر کل پانچ ارب82کروڑ50لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے جن میں ایک ارب52کروڑ روپے ایل ڈی اے ایونیو ون‘35کروڑ روپے فنانس اینڈ ٹریڈ سنٹر جوہر ٹائون میں سڑکوں کی تعمیر اور واٹر سپلائی اورسیوریج کے منصوبوں ،35کروڑ روپے نئی رہائشی سکیم ایل ڈی اے سٹی جبکہ تین ارب 50کروڑ روپے ایل ڈی اے کی مختلف رہائشی سکیموں میںترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص کئے گئے ہیں- شیخوپورہ اورجوہر ٹائون میں ایل ڈی اے کے دفاتر کی تعمیر و مرمت اور توسیع اور ایل ڈی اے افسران و ملازمین کے لئے سرکاری رہائش گاہوں کی تعمیر پر کل44کروڑ92لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے نئی ترقیاتی سکیمیں شروع کرنے کے لئے بجٹ میںتین ارب 63کروڑ82لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں ان میں پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کی بنیاد پر شہر میں چار نئے منصوبوں ڈیفنس روڈ فلائی اوور ‘ شرقپور بائی پاس ‘ سدرن بائی پاس اور کالا شاہ کا کو ایکسپریس وے پر عمل در آمد کی خاطر ایل ڈی اے کی طرف سے کی جانے والی ادائیگیوں کے لئے 2 ارب28کروڑ50لاکھ روپے بھی شامل ہیں تین ارب 72کروڑ روپے کی لاگت سے کینال روڈ کی توسیع اور چوبچہ انڈر پاس کی تعمیر کے منصوبہ پر کام کیا جائے گا‘مین روڈ شیخوپورہ کی توسیع و بحالی پر 70کروڑ روپے ‘شیخوپورہ گوجرانوالہ روڈ اور شیخوپورہ حافظ آباد روڈ پر انڈر پاسز کی تعمیر پر 40کرو ڑ روپے ‘ ننکانہ صاحب میں ہاکی سٹیڈیم کی تعمیر پر50کروڑ روپے‘ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر تین ارب 13کروڑ61لاکھ روپے اور ا س منصوبے سے متعلقہ دوسرے کاموں پر 24کروڑ روپے‘بیدیاں روڈ‘ برکی روڈ اور ملحقہ سڑک کی توسیع و بحالی کے منصوبے پر پانچ ارب 84کروڑ روپے ‘ ہاکی سٹیڈیم شیخوپورہ کی تعمیر پر24کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ۔واسا کونئے مالی سال کے دوران18 ارب77 کروڑ26لاکھ روپے کے وسائل دستیاب ہو ںگے- کل اخراجات کا تخمینہ18 ارب84کروڑروپے لگایا گیا ہے جبکہ فر اہمی و نکاسی آب کے ترقیاتی منصوبوں پر9 ارب81کروڑ83لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔واسا کی نئی سکیموں پر 2.83ارب روپے خرچ کئے جائیں گے -ٹیپا کو مالی سال2016-17 کے دوران مجموعی طور پر دوارب85کروڑ52لاکھ روپے کے وسائل دستیاب ہوںگے- اخراجات کا تخمینہ دوارب54کروڑ23 لاکھ روپے ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہونے والی رقم دو ارب19 کروڑ42 لاکھ روپے ہے۔