• news

قومی وسائل لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں : شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ اربوں روپے کی مالیت سے سرکاری ہسپتالوں میں فراہم کی جانے والی ادویات ہر صورت مریضوں تک پہنچنی چاہئیں۔ قومی وسائل سے فراہم کی جانے والی ادویات کی خوردبرد کسی صورت برداشت نہیں جائے گی۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے ادویات کی ہسپتالوں کو فراہمی‘ سٹور میں سٹاک اور مریضوں کو دیئے جانے کے پورے نظام کو فوری طور پر ڈیجیٹل کیا جائے اور اس ضمن میں ہنگامی بنیادوں پراقدامات کئے جائیں۔ ہیلتھ کئیر سسٹم کی بہتری کیلئے مجھے باتیں نہیں، نتائج چاہئیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت میں تساہل برتنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ میں ادویات کی خوردبرد کے واقعہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت بھرپور کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب میںکہا کہ سرکاری ہسپتال کی ادویات میں خوردبرد کا واقعہ ناقابل برداشت ہے۔ قومی وسائل لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ادویات کی خوردبرد میں ملوث افراد کو قانون کے تحت ایسی سخت سزا ملنی چاہیئے کہ آئندہ کوئی اس قبیح فعل کے بارے میں سوچ بھی نہ سکے۔ ملزموں کے پورے گروہ کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے اور ہسپتال کا جو عملہ ملی بھگت میں ملوث ہے، اس کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ یہ امر قابل افسوس ہے کہ ایک ملزم ڈیڑھ سال تک اس ہسپتال میں اعزازی ڈسپنسر کے طور پر کام کرتا رہا اور نظام خاموش رہا جو ناقابل قبول بات ہے اور اب اس طرح کا سلسلہ مزید نہیں چلے گا۔ وزیراعلیٰ نے اعزازی ڈسپنسر کی تقرری کا تحریری حکم نامہ جاری کرنے والے اس وقت کے ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ ڈاکٹر کاظمی کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے اسے موجودہ عہدے سے بھی فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ ایسا حکم نامہ جاری کرنے والے کو اپنے عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے لاہور پارکنگ کمپنی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو پارکنگ کی مناسب سہولتوں کی فراہمی کا ہدف پورا نہ کرنے پر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ گزشتہ ڈیڑھ برس کے دوران پارکنگ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے خاطرخواہ کام نہیں کیا گیا۔ اس عرصے کے دوران نشاندہی کئے جانے والے مقامات پر بھی پارکنگ پلازے بنانے کیلئے صرف زبانی جمع خرچ ہوا اور عملی طورپر کچھ نہ کیا گیا۔ شہبازشریف سے پاکستان میں کوریا کے سفیر ڈاکٹر سوڈونگ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور‘ پاک کوریا تعلقات کے فروغ‘ تعلیم‘ صحت‘ سکل ڈویلپمنٹ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کوریا کے سفیر نے وزیراعظم نوازشریف کی صحت یابی پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کوریا کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان بہترین دوستانہ معاشی تعلقات موجود ہیں۔ دونوں ممالک کو معاشی و تجارتی روابط کو فروغ دینے کیلئے تسلسل کے ساتھ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے کوریا کی تعمیراتی کمپنی کے وفد سے گفتگو میں کہا کہ کوریا کی معروف تعمیراتی کمپنی کا پاکستان‘ کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوشن کے منصوبے کی تعمیر کیلئے کنسلٹنٹ کے طورپر انتخاب خوش آئند ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کا قتل انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ آزادی کشمیر کا بنیادی حق ہے۔ کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت سے زیادہ دیر محروم نہیں رکھا جا سکتا۔ بھارت ظلم و جبر کے ذریعے کشمیریوں کو آزادی کے حق سے محروم نہیں رکھ سکتا۔ میں کشمیر کی بہادر ماﺅں کو سلام پیش کرتا ہوں جن کے بیٹوں اور بیٹیوں نے آزادی کیلئے جام شہادت نوش کیا۔ ادھر شہبازشریف سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور‘ پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔
شہبازشریف

ای پیپر-دی نیشن