• news

کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے زبردست مظاہرے‘ ریلیاں : بھارتی مظالم جاری‘ مزید دو نوجوان شہید

سری نگر (اے این این+ کے پی آئی+ نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم جاری ہیں، مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہو گئے جس کے بعد شہداءکی تعداد 42 ہوگئی، وادی میں تاحال کرفیو نافذ، انٹرنیٹ، موبائل سروس اور تعلیمی ادارے بدستور بند، ٹرانسپورٹ سروس بھی معطل ہے۔ حریت قیادت نے ہڑتال کی کال میں مزید 3 روز کی توسیع کر دی ہے۔ بھارتی فوج کی پیلٹ گن کے بے دریغ استعمال سے سینکڑوں افراد بینائی سے محروم ہو چکے ہیں، کرفیو کے باوجود وادی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز بھی ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ دوسری طرف آزاد کشمیر میں کشمیریوں نے مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے بھارتی مظالم کیخلاف یوم سیاہ منایا۔ ادھر کولگام سے تعلق رکھنے والا اےک نوجوان عرفان احمد ڈار صورہ مےڈےکل انسٹی ٹےوٹ مےں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔ عرفان احمد کی شہادت کی خبر پھےلتے ہی 25 دیہات سے تعلق رکھنے والے لوگ جلوس کی صورت مےں گھروں سے باہر آئے اور تو لی نوپورہ پہنچے جہاں انہوںنے کمسن طالب علم کی ہلاکت کے خلاف صدائے احتجاج بلندکےا۔ پولیس کی طرف سے شیلنگ پر جھڑپوں کا ےہ سلسلہ شام تک جا ری رہا جس کے دوران کئی مظاہرےن زخمی ہو گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جمعہ کے روز کپواڑہ میں مظاہرے پر فائرنگ کے دوران ایک شخص وسیم مہندن جان سے گیا جبکہ کولگام میں مظاہرین نے ایک پولیس سٹیشن پر حملہ کیا۔ ادھر ویری ناگ میں مشتعل ہجوم نے 8 مکانوں کو نذر آتش کیا۔ شوپیاں، پانپور، اونتی پورہ، کاکہ پورہ، راجپورہ،کیلر، زینہ پورہ، لتر، ٹہاب، ڈاڈسرہ، کھریو، سامبورہ، لتہ پورہ، رتنی پورہ وغیرہ کے مرکزی مقامات پر بھی عام ہڑتال سے زندگی کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا۔ اسلام آباد کے لالچوک علاقہ میں شام دیر گئے پولیس نے مشتعل نوجوانوںکو قابو کرنے کیلئے پولیس نے شیلنگ کی جبکہ رات بھر قصبہ مےں مساجد سے ترانوں کا سلسلہ جا ری رہا۔ سرےنگر شہر کے کئی علاقوں مےں بھی سنگباری کے واقعات پےش آئے۔ نارہ بل مےں سینکڑوں نوجوان اس وقت گھروں سے باہر آئے اور سڑک پر دھرنا دے کر اسلام اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے جب پولےس نے مبینہ دکانداروں اور راہگےروں کو بلاجواز مارا پےٹا۔ پولیس فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں کئی خواتےن اور اےک چھ سا لہ بچی بھی شامل ہےں۔ مزید برآں بھارتی سکیورٹی فورسز نے جموں و کشمیر فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ کو گرفتار کر لیا۔ وہ پہلے سے نظربند تھے۔ آن لائن کے مطابق امریکہ نے ایک مرتبہ پھر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہارکیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ایلز بتھ ٹروڈو کا کہنا ہے کہ وادی کی صورتحال پر پاکستان اور بھارت سے رابطے میں ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال نازک ہے۔ چالیس انسانی جانوں کے ضیاع پر امریکہ کو گہری تشویش ہے۔ ایک سوال پر ایلزبتھ ٹروڈو نے جان کربی کے بدھ کے روز کی بریفنگ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے تنازع پر پاکستان اور بھارت کے ساتھ مذاکرات کئے ہیں اور ہم فریقین سے رابطے میں ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے عسکریت پسند گروپوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
مقبوضہ کشمیر

لاہور+ گوجرانوالہ+ فیصل آباد (نامہ نگاران + نمائندہ خصوصی+ خصوصی نامہ نگار + نیوز رپورٹر) ملک بھر میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی اپیل پر کشمیر میں بھارتی مظالم اور مدینہ منورہ میں دہشتگردی کے خلاف احتجاج کیا گیا‘ ریلیاں نکالیں گئیں۔ جماعة الدعوة اور تحریک آزادی جموں کشمیر‘ پیپلزپارٹی‘ جماعت اسلامی‘ جے یو آئی‘ سنی تحریک اور دیگر جماعتوں کے زیراہتمام لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، اسلام آباد، مظفر آباد، راولپنڈی، ملتان، پشاور، سکھر، کوئٹہ اور حیدرآباد سمیت چاروں صوبوں و آزاد کشمیر کے تمام شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور برہان وانی سمیت دیگر شہداءکی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے لاہورجامع مسجد القادسیہ میں ہزاروں افراد نے حافظ محمد سعید کی امامت میں کشمیری شہداءکی غائبانہ نماز جنازہ پڑھی۔ مظاہروں کے دوران بھارتی ترنگے بھی نذر آتش کئے گئے۔ علماءکرام، نے خطبات جمعہ میںبھارتی دہشت گردی کے نتیجہ میں کشمیریوں کی نسل کشی کے قتل عام کو موضوع بنایا، مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں۔ مظاہرہ سے پروفیسر حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ کشمیر میں بدترین ظلم و بربریت کیخلاف تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا کر ملک گیر تحریک چلائیں گے۔ 19جولائی کو لیاقت باغ راولپنڈی میں بڑی کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیاجا ئے گا ۔ اسی طرح جلد لاہور سے اسلام آباد کی طرف مارچ بھی کریں گے۔مودی سرکار کی سرپرستی میں کشمیریوں کیخلاف مہلک ہتھیاروں کے استعمال سے ان کی آنکھیں ضائع ہو رہی ہیں۔ہندوستانی فوج ہسپتالوں میں گھس کر لوگوں کو شہید کر رہی ہے لیکن کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا مسئلہ سلامتی کونسل اور او آئی سی کے اجلاس میں اٹھائے۔انہوںنے کہاکہ امریکہ پاکستان نہیں انڈیا کا دوست ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کے ساتھ کلمہ طیبہ کا رشتہ ہے جہاں ان کا پسینہ اور خون گرے گا وہاں پاکستانیوں کابھی خون گرے گا۔ دفاع پاکستان کونسل اور جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ کشمیری مسلمان اپنے سینوں پر گولیاں کھانے کے باوجود پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں۔ یہ ریفرنڈم اور پوری کشمیری قوم کا فیصلہ ہے۔ جماعةالدعوة کی طرف سے سٹی پارک گوجرانوالہ میں بھی جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید نے کشمیری شہداءکی غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی اور ہزاروں افراد کے بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔ مظاہرہ سے نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین قاری یعقوب شیخ ، شفیق الرحمن و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر کے الحاق کا اعلان 19 جولائی کو ہوا تھااس دن کو بھی بھرپور انداز میں منائیں گے اور لیاقت باغ راولپنڈی میں بڑی کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ راولپنڈی میں بھی زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ملتان سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جماعةالدعوة کے تحت کچہری چوک میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ چیچہ وطنی میں مین جی ٹی روڈ نزد سوجی مل پر غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ سکھر میں بھی نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ جمعیت علماءاسلام نے بھی مدینہ منورہ میں ہونے والی دہشت گردی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف صوبائی اور ضلعی ہیڈ کوارٹر میں احتجاجی ریلیاں نکالیں گئیں اور مظاہرے کئے اور مساجد میں جمعہ کے اجتما عات میں قراردادیں منظور کی گئیں لاہور میں بڑا احتجاجی مظاہرہ لاہور پریس کلب کے باہر کیا گیا جس قیا دت جے یو آئی کے قائم مقام سیکر ٹری جنرل مو لا نا محمد امجد خان ،مولانا الیاس گھمن ،مولانا محب النبی ،مولانا سیف الدین سیف،حافظ اشرف گجر،مفتی عزیز الرحمن،قاری نذیر احمد ،جمال عبد الناصر،محمد افضل خان ،حا فظ نصیر احمد ،حا فظ عبد الواجد،قاری معاویہ محمود ،حافظ غضنفر عزیز ،مو لانا عبد الشکور ،مولانا ظہیر احمد ظہیر اور دیگر نے کی۔ جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام گزشتہ روز مسجد شہداکے سامنے کشمیری مجاہد کمانڈر برہان مظفر وانی سمیت دیگر کشمیر ی شہدا ءکی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جبکہ بعد ازان زبردست احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ذکر اللہ مجاہد کی قیادت میں مظاہرے میں حریت کانفرنس کے نمائندے انجینئرمشتاق محمود ، نائب امیر جماعت اسلامی لاہور انجینئراخلاق احمد ، خلیق احمد بٹ ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور محمد عمیر خان ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی عبدالعزیز عابد ،چوہدری محمد شوکت ، اسامہ نصیر ، اے ڈی کاشف و دیگر رہنماﺅں نے شرکت کی۔ جماعت اہلحدیث پاکستان کے زیر اہتمام نماز جمعہ کے بعد مدینہ منورہ میں ہونے والے دہشت گردی اور سرینگر میں بھارتی ظلم و ستم کے خلاف گارڈن ٹاو¿ن مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا‘ قیادت جماعت اہلحدیث پنجاب کے امیر حافظ عبدالوحید شاہد روپڑی نے کی، سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام بھی بھارتی ظلم و جبر کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا‘ ملک بھر میں اہلسنّت کی لاکھوں مساجد میں جمعہ کے اجتماعات میں بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کی شہادتوں کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔ اس موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر جل رہا ہے اور عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ مولانا فضل الرحمن پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے ناکام اور نااہل چیئرمین ثابت ہوئے ہیں انہیں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے سے الگ کیا جائے۔سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے صدر مفتی ڈاکٹر محمد حسیب قادری نے لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برہان وانی کی شہادت سے کشمیری نوجوانوں کو ولولہ تازہ ملا ہے۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے زیر اہتمام بھی ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا۔ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے اتفاق مسجد ماڈل ٹاﺅن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ مسجد نبوی اسلامیان عالم کی غیرت کیلئے عظیم چیلنج ہے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستا ن کے زیر اہتمام علما نے خطبات جمعہ میں بھارتی جارحیت کی مذمت کی اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ بھارت کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ چلایا جائے۔جامعہ ابراہیمیہ میں امیر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ یوم سیاہ منانا احتجاج کی ایک شکل ہے جو ناکافی ہے ،کشمیر کمیٹی فعال بناکر پاکستان سفارتی اور سیاسی محاز پر بھرپور آوازاٹھائے۔ بھارتی مظالم کیخلاف پورے ملک اور آزاد کشمیر میں یوم مذمت کے موقع پر کشمیر سنٹر لاہور کے زیر اہتمام ایک خصوصی مظاہرے کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کے رہنماﺅں اور سول سوسائٹی کے ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جمعہ کے اجتماعات مےں جمعےت علمائے اسلام ف کی اپےل پر ضلع بھر کی مساجد مےں مذمتی قراردادےں پےش کی گئےں۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مذہبی جماعتوں نے کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے اور شہداءکی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے 31جولائی کو لاہور سے واہگہ تک آزادی کشمیر مارچ کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی قیادت کا فوری اجلاس بلا کر دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان کی طرح کشمیر کے متعلق قومی پالیسی کا اعلان کریں اور تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندہ وفود بنا کراسلامی، یورپی اور مغربی ممالک میں بھیجے جائیں تاکہ کشمیر پر عالمی رائے عامہ ہموار کی جائے، عالمی برادری کشمیر پر دو ایٹمی قوتوںکے ٹکراﺅ سے بچنے اور علاقائی امن کیلئے اقوام متحدہ کی قرارد ادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان علماءکونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ شام سے لیکر یمن تک مسلح گروہوں کی مدد کرنے والی قوتوں کا مقصد عالم اسلام کو کمزور کرکے ارض حرمین الشریفین کے امن کو تباہ کرنا ہے۔ عالم اسلام مضبوط ہو گا تو کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ حل ہوگا۔ پاکستان سنی تحریک کے مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی فوج کی دہشت گردانہ کارروائایں قابل مذمت ہیں‘ بھارتی حکومت نے کشمیری مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے‘ حکمرانوں کو اب فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ ہیں یا بھارت کے ساتھ۔ جماعت اہلحدیث پاکستان کے زیراہتمام جمعة المبارک کو ”یوم تحفظ حرمین و یکجہتی کشمیر“ کے طور پر منایا گیا۔ مرکزی احتجاجی مظاہرہ لاہور چوک دالگراں میں کیا گیا جس کی قیادت امیر جماعت اہلحدیث پاکستان حافظ عبدالغفار روپڑی نے کی۔ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے زیراہتمام تقدس حرمین شریفین اور یکجہتی کشمیر کے حوالے سے شاہراہ مجید نظامی پر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق پیپلزپارٹی شیخوپورہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیری مسلمانوں کے قتل عام‘ گرفتاریوں اورتشدد کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت سابق ضلعی صدر خان محمد آصف خان نے کی۔ شیخوپورہ میں مرکزی انجمن تاجران ضلعی شیخوپورہ کے زیراہتمام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جارحیت کیخلاف اور کشمیری عوام کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے عبداللہ سٹی کمپلیکس سے چوک یادگار تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ 19جولائی کو کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے اسلام آباد کی جانب سے مارچ کریں گے۔ گوجرانوالہ میں پیپلزپارٹی کا کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ سنی تحریک کے زیراہتمام باغبانپورہ چوک میں کشمیری مسلمانوں کے حق میں بھارتی افواج کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ پاکستان بار کونسل کے اجلاس میں مدینہ شریف میں خودکش حملے کی مذمت کی گئی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ او آئی سی کا اجلاس بلاکر مسلم ممالک متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں‘ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیا۔ مجلس احرار اسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت نے بھی ”یوم احتجاج“ منایا۔ قائد احرار سید عطاءالمہمین بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مدینہ منورہ کے تقدس کو پامال کرنے والے انسان نہیں درندے ہیں۔ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ضلع ننکانہ صاحب میں پیپلزپارٹی کے سابق ایم پی اے شاہجہاں احمد خان بھٹی کی قیادت میں بیری والا چوک ننکانہ صاحب میں کشمیری بھائیوں سے اظہاریکجہتی اور بھارتی افواج کے مظالم کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جامع مسجد اہلحدیث ننکانہ صاحب سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جو گورو بازار سے ہوتی ہوئی دواخانہ آبہ خضر گول چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام شہید ہونے والے کشمیریوں کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کرنے کا اہتمام کیا گیا اور بھارت کی جارحیت کے خلاف ریلی نکالی گئی جس میں علماءکرام کے ساتھ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نمازجنازہ قصور للیانی اڈا چوک میں ادا کی گئی۔
مظاہرے

ای پیپر-دی نیشن